مشہور بولی ووڈ فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ کے اداکار ستندرا سونی نے ایک فلم ڈائریکٹر پر اجرت کی عدم ادائیگی، بدسلوکی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔
اداکار کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اپنے کام کے پیسے مانگے تو فلم کے ڈائریکٹر نے نہ صرف ان کے پیسے دینے سے انکار کر دیا بلکہ ان کے ساتھ مارپیٹ کی اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ یہ سارا واقعہ مدھیہ پردیش میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔

ستندرا سونی نے سوشل میڈیا پر روتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ میرا نام ستندرا سونی ہے اور میں ایک اداکار ہوں۔ میں یہاں ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے آیا تھا جس کے ڈائریکٹر پشپیندر سنگھ ہیں۔ انہوں نے مجھے شروع میں پچاس ہزار روپے دیے تھے اور کہا تھا کہ باقی رقم شوٹنگ کے بعد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ، آج آٹھ دن کی شوٹنگ پوری ہو گئی ہے اور جب میں نے پیسوں کی بات کی تو انہوں نے مجھے اپنا سامان سمیٹنے کو کہہ دیا اور کہا کہ تم مجھے ہوٹل میں نظر نہیں آنے چاہیے۔ وہ مجھے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ویڈیو کے ساتھ ہی اداکار نے انٹرنیٹ پر ایک تحریر بھی لکھی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ ڈائریکٹر پشپیندر سنگھ اور ان کی بیوی پرگتی چوہان نے سرعام ان پر حملہ کیا۔
ستندرا سونی نے لکھا کہ وہ اور ان کے ساتھی سڑک پر پیدل چل رہے تھے جب فلم ڈائریکٹر اور ان کی بیوی نے گاڑی میں ہمارا پیچھا کیا۔ ان کی بیوی پرگتی چوہان اور ڈائریکٹر پشپیندر سنگھ نے مجھے دیکھتے ہی بیچ سڑک پر مارنا شروع کر دیا۔ جب شریدھر بھیا مجھے بچانے کے لیے آگے آئے تو ڈائریکٹر نے ان کو بھی مارنا شروع کر دیا۔

اس واقعے کے بعد اداکار نے ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کے ساتھی اب محفوظ طریقے سے ممبئی واپس پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے ریلوے اسٹیشن سے ویڈیو بناتے ہوئے مدھیہ پردیش کی پولیس اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ان کی مدد کی اور انہیں صحیح سلامت گھر پہنچایا۔
واضح رہے کہ ستندرا سونی ایک ابھرتے ہوئے بھارتی اداکار ہیں جنہیں خاص طور پر کرن راؤ کی ہدایت کاری اور عامر خان پروڈکشن کی فلم لاپتہ لیڈیز میں ’چھوٹو‘ کے کردار سے پہچان ملی۔
ستندرا سونی نے بولی ووڈ میں مختلف فلموں اور شوز میں چھوٹے مگر اہم کردار ادا کیے ہیں جن میں ’ڈاکٹر جی‘، ’باورال‘، ’بھگوان بھروسے‘ اور نیٹ فلکس سیریز ’ہیلو بچوں‘ شامل ہیں۔
وہ آنے والے وقت میں مرزاپور نامی فلم میں بھی نظر آنے والے ہیں اورمستقبل میں مزید بڑے پراجیکٹس کا حصہ بننے کی توقع رکھتے ہیں۔
دوسری طرف اس پورے معاملے پر فلم ڈائریکٹر پشپیندر سنگھ یا ان کی بیوی کی طرف سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
























