بالی ووڈ کے معروف اداکار پنکج ترپاٹھی کے بڑے بھائی وجیندرناتھ تیواری پر بھارتی ریاست بہار میں مبینہ طور پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 21 جون کو ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج کے گاؤں بیلسند تیواری ٹولہ میں پیش آیا، جہاں زمین کے تنازع پر وجیندرناتھ تیواری پر کلہاڑی سے حملہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) اور مقامی تھانے کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

زخمی وجیندرناتھ تیواری کو ابتدا میں گوپال گنج صدر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم حالت کی سنگینی کے پیش نظر بعد ازاں انہیں پٹنہ ریفر کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت اب خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ حملے کی وجہ زمین کا پرانا تنازع تھا۔ ملزم کی شناخت راجیش ساہ کے نام سے ہوئی ہے، جو متاثرہ شخص کا پڑوسی بتایا جاتا ہے۔

واقعے کی سنگینی کے باعث فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا، جہاں سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والی مبینہ کلہاڑی اور ملزم کے خون آلود کپڑے بھی برآمد کر لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم راجیش شاہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے عدالتی تحویل میں بھیجنے کی کارروائی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

واضح رہے کہ پنکج ترپاٹھی کا تعلق بہار کے ضلع گوپال گنج کے گاؤں بیلسند سے ہے۔ وہ اپنے خاندان میں چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں اور بالی ووڈ کے صفِ اول کے اداکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters