بولی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے پاکستان میں اپنی مقبولیت کے حوالے سے ایک بیان دیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
امیشا پٹیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پڑوسی ملک پاکستان میں ان کے چاہنے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے جو ان سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔
امیشا پٹیل نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز مشہور فلم ”کہو نا پیار ہے“ سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پاک بھارت پس منظر پر بننے والی تاریخی فلم ”غدر: ایک پریم کتھا“ میں سکینہ کا مرکزی کردارادا کیا تھا، جبکہ اس فلم میں ان کے ساتھ اداکار سنی دیول تھے۔
یہ فلم اپنے وقت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اگرچہ اس فلم کے بعد امیشا پٹیل کا کیریئر زیادہ کامیاب نہیں رہا اور وہ پہلے جیسی سپر اسٹار نہ رہ سکیں، لیکن وہ اکثر اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا چینل این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امیشا پٹیل نے دعویٰ کیا کہ فلم غدر کی ریلیز کے بعد انہیں پاکستان سے بہت زیادہ پیار ملا۔
اپنے مداحوں کا تذکرہ کرتے ہوئے امیشا پٹیل نے کہا کہ پاکستان کی خواتین میرا فون نمبر ڈھونڈ کر مجھے کال کیا کرتی تھیں اوربعض بزرگ خواتین مجھ سے کہتی تھیں کہ تم نے تو ہمیں رلا دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسی طرح کئی پاکستانی والدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے میرے کردار سے متاثر ہو کر اپنی بیٹیوں کے نام سکینہ رکھے۔
دوسری طرف سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین امیشا پٹیل کے اس بیان کو حقیقت سے دور قرار دے رہے ہیں اور اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی ہے اور کسی کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ غدر فلم دیکھنے جائے.

اسی طرح ایک اورصارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ شاید امیشا پٹیل کو لگتا ہے کہ وہ صرف اپنے ملک کے میڈیا کے سامنے بات کر رہی ہیں اور ان کی بات پر کوئی سوال نہیں اٹھائے گا۔

امیشا پٹیل کے اس دعوے اور اس پر عوام کے ملے جلے ردعمل نے انٹرنیٹ پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
























