بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ ایشا رِکھی نے بالآخر ریپر اور گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔
دونوں کی شادی کی افواہیں گزشتہ چند ماہ سے میڈیا اور مداحوں کے درمیان زیرِ بحث تھیں، تاہم اب اداکارہ نے ایک رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان تمام چہ مگوئیوں کو ختم کر دیا ہے۔ اداکارہ نے یہ انکشاف انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔
انسٹاگرام پر ”آسک می اینی تھنگ“ سیشن کے دوران اس بات کا اعتراف کیا۔ جب ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ اگر وہ اور بادشاہ شادی شدہ ہیں تو پھر دونوں ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو کیوں نہیں کرتے۔
اس سوال کے جواب میں ایشا رِکھی نے کہا، ”مجھے مسلسل یہی سوالات موصول ہو رہے ہیں کہ کیا میری شادی ہو چکی ہے؟ کیا میری شادی بادشاہ سے ہوئی ہے؟ ہم ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے اور ساتھ تصاویر کیوں پوسٹ نہیں کرتے؟“
اداکارہ نے تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا، ”جی ہاں، میری شادی ہو چکی ہے۔“
سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو نہ کرنے کے سوال پر ایشا نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا، ”میرے خیال میں میرے شوہر کو اس سوال کا جواب دینا چاہیے۔ پتی دیو (بادشاہ)، عوام کے بہت سے سوالات ہیں، براہِ کرم جلد ان کا جواب دیں۔“

اس کے ساتھ ہی ایک اور مداح نے سوال کیا کہ شادی شدہ ہونے کے باوجود انہوں نے کبھی بادشاہ کے ساتھ کوئی تصویر شیئر کیوں نہیں کی، جس پر ایشا نے سب کو حیران کرتے ہوئے ایک رومانوی تصویر پوسٹ کی تصویر میں دونوں خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے تھے، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

یاد رہے کہ دونوں کی شادی کی خبریں رواں سال 24 مارچ کو اس وقت سامنے آئی تھیں جب ایشا ریکھی کی والدہ پونم ریکھی نے سوشل میڈیا پر ایک نجی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ ان تصاویر میں بادشاہ اور ایشا روایتی عروسی لباس میں ملبوس تھے اور شادی کی رسومات ادا کر رہے تھے۔
جنہیں دیکھ کر صارفین نے اندازہ لگایا تھا کہ یہ جوڑے کی شادی کی تقریبات کی جھلکیاں ہیں۔ اگرچہ وہ تصاویر تیزی سے وائرل ہو گئی تھیں، لیکن اس وقت نہ ایشا اور نہ ہی بادشاہ نے ان خبروں کی تصدیق یا تردید کی تھی۔ لیکن اب ایشا کے اس حالیہ بیان نے تمام افواہوں کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی کی تصدیق کے باوجود بادشاہ نے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ چند روز قبل انہوں نے انسٹاگرام پر ایک نامعلوم خاتون کے ساتھ چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا، ”کائنات لوگوں کو آپ کی زندگی میں لانے کا اپنا ایک منفرد طریقہ رکھتی ہے۔“ چونکہ تصاویر میں خاتون کا چہرہ واضح نہیں تھا، اس لیے مداح ان کی شناخت جاننے کی کوشش کرتے رہے۔

ایشا ریکھی پنجابی فلم انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا نام ہیں ایشا رِکھی پنجابی فلمی صنعت کا ایک جانا پہچانا نام ہیں۔ انہوں نے 2013 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد کئی کامیاب پنجابی اور ہندی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔
دوسری جانب بادشاہ بھارتی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور ریپر سمجھے جاتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی پہلے جیسمین مسیح سے شادی ہوئی تھی۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے، جبکہ ان کی علیحدگی کی خبریں 2020 میں سامنے آئی تھیں۔ اب سب کی نظریں بادشاہ کے ممکنہ ردعمل اور بیان پر مرکوز ہیں۔
























