پوری دنیا میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹ بال اسٹار ٹریوس کیلس کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق نیویارک شہر کے مشہور ترین ہال میڈیسن اسکوائر گارڈن میں جمعرات کے دن ایک خاص پارٹی رکھی گئی جسے ریہرسل ڈنر قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ منتظمین کی جانب سے اس تقریب کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی تقریب سے شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ جبکہ جمعہ کے دن شادی کی سب سے بڑی اور اصل تقریب ہونے جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی تقریب میں پہلے مہمانوں کے لیے کاک ٹیل آور رکھا جائے گا، اس کے بعد شادی کی رسمی تقریب ہوگی، جبکہ آخر میں استقبالیہ یا ریسپشن کا اہتمام کیا جائے گا۔
اس جوڑے کے چاہنے والے اس شادی کو کسی بادشاہ اور ملکہ کی شادی کی طرح دیکھ رہے ہیں، لیکن انتظام اتنا سخت ہے کہ کسی کو اندر کی کوئی خبر نہیں مل رہی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شادی کی تقریبات نیویارک کے معروف میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ تقریب سے قبل مقام پر بڑی مقدار میں سجاوٹ کا سامان، درختوں کی شاخیں، مختلف آرائشی اشیا، مشروبات کے ڈبے اور لوبسٹر کے گوشت سمیت دیگر سامان پہنچایا گیا، تاہم تقریب کے اندر ہونے والی سرگرمیوں کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا۔
جمعرات کی شام میڈیسن اسکوائر گارڈن کی عمارت خوبصورت ہلکے جامنی، یعنی لائلک، رنگ کی روشنیوں سے روشن نظر آئی۔ اگرچہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ خصوصی روشنیوں کا انتظام ٹیلر سوئفٹ کی شادی کے لیے کیا گیا تھا یا نہیں، لیکن مداحوں نے اسے گلوکارہ کے پسندیدہ رنگ سے جوڑ کر دیکھا۔
جامنی رنگ کو ٹیلر سوئفٹ کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 2010 میں ”دی ایلن ڈی جینیرس شو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، ”میرا پسندیدہ رنگ پرپل ہے۔“ ان کے مشہور البم ”اسپیک ناؤ“ کے سرورق پر بھی وہ جامنی رنگ کے لباس میں نظر آئی تھیں، جبکہ 2023 میں ریلیز ہونے والے ”ٹیلرز ورژن“ میں بھی یہی رنگ نمایاں تھا۔ اس کے علاوہ ان کے البمز ”مڈنائٹس“، ”دی ٹارچرڈ پوئٹس ڈیپارٹمنٹ“ اور ”دی لائف آف اے شوگرل“ میں بھی جامنی رنگ کا ذکر اور استعمال نمایاں رہا ہے۔
ہال کے باہر مداحوں اور صحافیوں کا ایک بہت بڑا ہجوم اس امید پر کھڑا ہے کہ انہیں اندر کی کوئی جھلک یا کسی مشہور مہمان کی تصویر مل جائے، لیکن سیکیورٹی اتنی سخت ہے کہ کسی کے لیے بھی اندر دیکھنا ناممکن بنا دیا گیا ہے۔
اس سیکیورٹی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ہال کی کھڑکیوں پر گلابی رنگ کے بڑے بڑے پردے لٹکا دیے گئے ہیں تاکہ باہر کھڑا کوئی بھی شخص اندر نہ دیکھ سکے۔ مہمانوں کو لانے والی گاڑیوں کے شیشے بالکل کالے ہیں اور ہال کے دروازے پر ایک بڑا خیمہ لگا دیا گیا ہے تاکہ گاڑی سے اترتے وقت بھی کوئی کسی کو نہ دیکھ سکے۔
اس کے علاوہ ہال کے اندر داخل ہونے کے لیے شناختی کارڈ چیک کیے جا رہے ہیں اور پولیس نے باہر راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ شادی میں آنے والے تمام مہمانوں، سامان لانے والوں اور سیکیورٹی والوں کے لیے بھی فون استعمال کرنے پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے، تاکہ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر قبل از وقت شیئر نہ کی جا سکیں۔
امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے سے وابستہ رپورٹر برائن ویسٹ نے امریکی ٹی وی سی این این کو بتایا کہ عوام کو اس شادی کی پوری تفصیلات جاننے کے لیے ابھی کچھ وقت انتظار کرنا پڑے گا اور ٹیلر اپنی شادی کی تصاویر اس وقت شیئر کریں گی جب وہ خود مناسب سمجھیں گی۔
دوسری جانب سی این این کی رپورٹر الزبتھ ویگ مائسٹر نے میڈیسن اسکوائر گارڈن کے باہر سے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب کے مقام کے باہر غیر معمولی گہما گہمی دیکھی گئی۔ مداح اور میڈیا نمائندے مسلسل کسی نئی جھلک یا خبر کے منتظر رہے، لیکن سخت حفاظتی انتظامات کی وجہ سے تقریب کی اندرونی سرگرمیوں تک رسائی ممکن نہ ہو سکی۔
اب تک ٹیلر سوئفٹ یا ٹریوس کیلسی کی جانب سے شادی کی تقریبات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ دنیا بھر کے مداح اس یادگار موقع کی مزید تصاویر اور تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
























