پاکستانی ڈراموں کی ورسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری اور ان کے اہل خانہ نے سوشل میڈیا پر تنقید اور عمر کے طعنے دینے والوں کو انتہائی مزاحیہ انداز میں جواب دیا ہے۔
بشریٰ انصاری پاکستان کی ایک مانی ہوئی فنکارہ ہیں جو بچپن سے ٹیلی ویژن پر کام کر رہی ہیں اور پچھلے پچاس سالوں سے شوبز کی دنیا پر راج کر رہی ہیں۔ ان کا مزاج بہت ہی بے باک اور صاف ستھرا ہے اور وہ اکثر سوشل میڈیا پر لوگوں کی باتوں کا اچھے انداز میں جواب دیتی ہیں۔
ان کی بہن اسما عباس اور بھانجی زارا نور عباس کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔ اس فنکارانہ گھرانے کو اکثر سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، لیکن اس بار انہوں نے غصہ کرنے کے بجائے ہنسی مذاق سے کام لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں بشریٰ انصاری اپنی بہن، بھانجی اور داماد کے ساتھ بیٹھ کر مزے سے آم کھا رہی ہیں۔ آم کھانے کے دوران انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ لوگ ہماری عمر کو لے کر باتیں کرتے ہیں، آخر وہ ہم سے چاہتے کیا ہیں اور ہم اب کیا کریں۔
انہوں نے ہنستے ہوئے پوچھا کہ کیا ہم اب اسمگلنگ کرنا شروع کر دیں۔ اس موقع پر ان کے داماد اسد صدیقی بھی پیچھے نہیں رہے اور وہ بھی بیچ بیچ میں جملے کستے اور مزاحیہ باتیں کرتے رہے،جس سے ماحول مزید خوشگوار ہوگیا۔
اسماءعباس نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے مذاقاً کہا کہ اب عمر کو لے کربولے گئے جملے بہت پرانے ہوگئے ہیں لوگوں کو چاہیے کہ کچھ نیا لائے۔
سوشل میڈیا کے صارفین کو اس پورے خاندان کی یہ ہنسی مذاق سے بھرپور گفتگو بہت پسند آئی ہے اور لوگ اس پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے ان کا یہ انداز بہت پسند آیا کیونکہ یہ لوگ دل میں کوئی بات نہیں رکھتے اور جو سچ ہو منہ پر بول دیتے ہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ مجھے ان سب سے پیار ہے، جبکہ ایک اور مداح نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کی بات سے بالکل متفق ہوں۔

























