عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹ بال لیگ کے مایہ ناز کھلاڑی ٹریوس کیلسی بالآخر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ نیویارک کے تاریخی میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والی یہ تقریب اپنی شان و شوکت، سخت رازداری اور عالمی شہرت یافتہ مہمانوں کی موجودگی کے باعث حالیہ برسوں کی نمایاں ترین سلیبریٹی تقریبات میں شمار کی جا رہی ہے۔

شادی کی تقریب جمعہ، 3 جولائی کی شام منعقد ہوئی۔ تقریباً دو برس تک دنیا بھر کے میڈیا اور مداحوں کی توجہ کا مرکز رہنے والے اس جوڑے نے امریکا کے یومِ آزادی کے طویل ویک اینڈ پر اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔

عام طور پر عالمی معیار کے کنسرٹس، باسکٹ بال مقابلوں اور بڑے تفریحی پروگراموں کے لیے مشہور ’میڈیسن اسکوائر گارڈن‘ اس بار ایک منفرد اور دلکش شادی کی تقریب کا مرکز بنا۔

ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر قدرتی انداز سے سجاوٹ کے لیے درختوں کی شاخیں، نفیس پھول، جدید لائٹنگ اور خصوصی آرائشی عناصر استعمال کیے گئے، جنہوں نے پورے ہال کو ایک شاہانہ منظر میں تبدیل کر دیا۔

اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں مداح، جنہیں دنیا بھر میں ”سوئفٹیز“ کے نام سے جانا جاتا ہے، شدید گرمی کے باوجود اپنے پسندیدہ جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے موجود رہے۔ اس موقع پر اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں پر جامنی رنگ میں جگمگاتا ہوا ”جسٹ ٹی اینڈ میرڈ“ کا پیغام تقریب کی سب سے نمایاں علامت بن گیا۔

زرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے اپنی شادی کے لیے معروف فرانسیسی فیشن ہاؤس ’کرسچین ڈیور اوت کُوتور‘ کے خصوصی تیار کردہ ملبوسات کا انتخاب کیا، جبکہ دونوں نے جوتوں کے لیے ’کرسچین لوبوتن‘ کے ڈیزائن پہنے۔

روایتی انداز سے ہٹ کر جوڑے نے شادی کی تقریب میں دوستوں کے بجائے خاندان کو مرکزی حیثیت دی۔ ٹیلر کے بھائی آسٹن سوئفٹ نے ’مین آف اونر‘ کی ذمہ داریاں نبھائیں، جبکہ ٹریوس کیلسی کے بڑے بھائی اور سابق این ایف ایل اسٹار جیسن کیلسی ’بیسٹ مین‘ کے طور پر ان کے ہمراہ رہے۔

تقریب کا ایک غیر متوقع اور دلچسپ پہلو یہ بھی رہا کہ ہالی ووڈ کے معروف اداکار ایڈم سینڈلر نے، جو اس جوڑے کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں، شادی کی رسمی کارروائی انجام دی۔

تقریب میں رازداری کو غیر معمولی اہمیت دی گئی۔ تقریباً 1000 مہمانوں کو خصوصی سیکیورٹی انتظامات کے تحت اسٹیڈیم تک پہنچایا گیا، جہاں گاڑیوں کو براہِ راست بند داخلی حصے میں داخل کیا گیا تاکہ کسی قسم کی غیر مجاز فوٹوگرافی یا ویڈیو ریکارڈنگ ممکن نہ ہو۔

مہمانوں کے لیے موبائل فون اندر لے جانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی، جس کے باعث تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز تاحال منظرِ عام پر نہیں آ سکیں۔

تقریب رات گئے تک جاری رہی اور اطلاعات کے مطابق مہمانوں کے لیے دنیا کے بہترین کھانوں، تازہ لابسٹر اور اعلیٰ درجے کے خصوصی مینو کا اہتمام کیا گیا، جبکہ جشن کی تقریبات صبح چار بجے تک جاری رہیں۔

عالمی شہرت یافتہ شخصیات کی بھرپور شرکت

اس ہائی پروفائل شادی میں موسیقی، فلم، فیشن اور کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والی متعدد ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

مہمانوں میں سیلینا گومز، ایڈ شیرن، کیملا کابیلو، ہیو گرانٹ، ایتھن ہاک، جیسن سوڈیکیس، گیگی حدید، این ایف ایل اسٹار پیٹرک مہومز اور دیگر معروف شخصیات شامل تھیں۔

ذرائع کے مطابق جوڑے نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں سے تحائف لانے کے بجائے اس رقم کو فلاحی کاموں پر خرچ کرنے کی درخواست کی۔

شادی سے قبل کروڑوں ڈالرز کے فلاحی عطیات

شادی کی تقریبات سے قبل ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے سماجی خدمت کے جذبے کا بھی اظہار کیا۔

اطلاعات کے مطابق دونوں نے امریکا بھر کی 20 مقامی اور قومی فلاحی تنظیموں کو مجموعی طور پر 26 ملین ڈالرز عطیہ کیے۔ یہ عطیات ان شہروں میں کام کرنے والی تنظیموں کو دیے گئے جن سے اس جوڑے کی ذاتی اور پیشہ ورانہ وابستگیاں رہی ہیں، جن میں نیش وِل، لاس اینجلس، کینساس سٹی اور نیویارک شامل ہیں۔

دنیا بھر میں مبارکبادوں کا سلسلہ

شادی کی خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے مداحوں، فنکاروں، کھلاڑیوں اور دیگر معروف شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

نیویارک کے مختلف مقامات، بالخصوص ٹائمز اسکوائر، میں بھی مداحوں نے اپنے پسندیدہ جوڑے کی خوشی کا اظہار کیا، جبکہ بین الاقوامی میڈیا اس تقریب کو 2026 کی نمایاں ترین تفریحی اور سلیبریٹی تقریبات میں سے ایک قرار دے رہا ہے۔

ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی یہ شادی نہ صرف دو عالمی شہرت یافتہ شخصیات کے نئے سفر کا آغاز ہے بلکہ موسیقی، کھیل اور شوبز کی دنیا کے ایک ایسے سنگم کی علامت بھی بن گئی ہے جس نے کروڑوں مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔

More

Comments
1000 characters