دنیا بھر میں خواتین صدیوں سے اپنے بالوں کو چمکدار اور مضبوط بنانے کے لیے ناریل کے تیل کا استعمال کرتی چلی آرہی ہیں۔ یہ تیل بالوں کو چمک دینے، خشکی کم کرنے اور انہیں نرم بنانے کے لیے سب سے اہم مانا جاتا ہے۔ لیکن اکثر خواتین اس بات پر الجھن کا شکار رہتی ہیں کہ ناریل کا تیل شیمپو کرنے سے پہلے لگانا چاہیے یا شیمپو کرنے کے بعد۔ کچھ لوگ شیمپو کے بعد بھی ایک خاص طریقے سے ناریل کا تیل لگاتے ہیں۔ ماہرین نے اس بات کا پتا لگایا ہے کہ بالوں کے لیے کون سا طریقہ سب سے بہترین ہے اور اسے استعمال کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق ناریل کا تیل دونوں طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کے فوائد مختلف ہوسکتے ہیں۔
2003 میں“جرنل آف کاسمیٹک سائنس“ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ناریل کا تیل صحت مند اور خراب دونوں طرح کے بالوں میں پروٹین کے نقصان کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے بالوں کی مضبوطی برقرار رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ناریل کا تیل بالوں کو لمبا اور گھنا کرنے کے لیے سب سے بہترین مانا جاتا ہے۔
شیمپو سے پہلے ناریل کا تیل لگانے کے فائدے
تحقیق کے مطابق شیمپو کرنے سے پہلے بالوں میں ناریل کا تیل لگانا سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ ہمارے بال بنیادی طور پر کیراٹن نامی پروٹین سے بنتے ہیں اور جب بھی ہم بال دھوتے ہیں تو بالوں سے تھوڑی مقدار میں یہ پروٹین نکل جاتا ہے۔
اگر شیمپو سے پہلے ناریل کا تیل لگا لیا جائے تو یہ بالوں پر ایک حفاظتی تہہ بنا دیتا ہے اور بالوں کے اندر تک پہنچ کر اس پروٹین کی حفاظت کرتا ہے۔
یہ طریقہ ان لوگوں کے لیے بہت اچھا ہے جن کے بال خشک ہیں، جنہوں نے بالوں میں رنگ یا کیمیکل لگوایا ہوا ہے، یا جن کے بال گھنگریالے ہیں۔
اس کے علاوہ جب بھی بالوں میں پانی لگتا ہے تو بال پھولتے ہیں اور پھر سوکھنے پر سکڑتے ہیں۔ بار بار بالوں کا پھولنا اور سکڑنا انہیں کمزور کر دیتا ہے۔ ناریل کا تیل بالوں میں زیادہ پانی جذب نہیں ہونے دیتا جس سے بال دھونے کے دوران خراب ہونے سے بچ جاتے ہیں۔
شیمپو بالوں سے مٹی اور اضافی چکنائی تو صاف کردیتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی وہ بالوں کی قدرتی نمی اور تیل بھی چھین لیتا ہے۔ شیمپو سے پہلے تیل لگانے سے بال دھونے کے عمل کے لیے تیار ہو جاتے ہیں اور شیمپو بالوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا پاتا۔
بال دھونے کے بعد بھی ناریل کا تیل لگایا جاسکتا ہے؟
اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ کیا بال دھونے کے بعد ناریل کا تیل لگایا جا سکتا ہے؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ بالکل لگایا جا سکتا ہے لیکن اس کا طریقہ بالکل الگ ہے۔ بال دھونے کے بعد ناریل کا تیل بہت دھیان سے تھوڑی مقدار میں اور صرف ہلکے گیلے بالوں پر لگانا چاہیے۔
یہ طریقہ بالوں میں چمک لاتا ہے، بالوں کا اڑنا اور روکھا پن کم کرتا ہے، بالوں میں نمی کو بند کرتا ہے اور بالوں کے آخری سروں کو خراب ہونے سے بچاتا ہے۔
چونکہ بال دھونے کے بعد ان کے اندر پہلے ہی پانی بھرا ہوتا ہے، اس لیے یہ بالوں کے اندر تک اتنی اچھی طرح نہیں جا پاتا۔ اس کے علاوہ جن لوگوں کے بال بہت پتلے ہیں، اگر وہ بال دھونے کے بعد زیادہ تیل لگا لیں گے تو ان کے بال بہت زیادہ چِپکے ہوئے اور تیل والے نظر آنے لگیں گے۔
ناریل کا تیل صحیح طریقے سے کیسے استعمال کریں؟
سب سے پہلے تھوڑا سا خالص ناریل کا تیل لے کر اسے ہلکا سا گرم کر لیں اور پھر اسے انگلیوں کی مدد سے نرمی سے اپنے سر کی جلد یعنی جڑوں پر اس کی مالش کریں اور پھر باقی تیل کو پورے بالوں پر اچھی طرح لگا لیں اور کم از کم دو گھنٹے کے لیے ایسے ہی چھوڑ دیں۔ اس کے بعد کسی ہلکے شیمپو سے بالوں کو دھو لیں اورعام دنوں کی طرح کنڈیشنر استعمال کریں۔
اگر بالوں میں چمک اور نرمی کے لیے سیرم استعمال کرتی ہیں تو اس کی جگہ ہلکی سی مقدار میں ناریل کا تیل بھی لگایا جاسکتا ہے۔ البتہ سر کی جلد اور بالوں کی جڑوں پر زیادہ تیل لگانے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے بال چکنے دکھائی دے سکتے ہیں۔
اگر آپ کا مقصد بالوں کو مضبوط، صحت مند بنانا اور انہیں ٹوٹنے سے بچانا ہے، تو شیمپو سے پہلے ناریل کا تیل لگانا ہی سب سے بہترین حل ہے۔ یہ بالوں کا پروٹین بچاتا ہے، پانی سے ہونے والے نقصان سے روکتا ہے اور شیمپو کے خشک اثرات سے بالوں کی حفاظت کرتا ہے۔
لیکن اگر مقصد بالوں کا روکھا پن دور کرنے اور انہیں ٹوٹنے سے روکنے پر ہے، تو بال دھونے کے بعد ہلکا سا تیل لگانا بہتر ہے۔
زیادہ تر لوگوں کے لیے سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ وہ شیمپو سے پہلے بھی تیل لگائیں اور بال دھونے کے بعد بھی بالکل معمولی سی مقدار میں اسے استعمال کر نے کا بہترین طریقہ ہو سکتا ہے۔
























