بھارتی اداکار اور معروف ٹی وی میزبان منیش پال کی والدہ ارمل پال نئی دہلی میں انتقال کرگئیں۔ ان کی عمر 77 برس بتائی گئی ہے۔

بدھ کے روز سامنے آنے والی اس افسوسناک خبر کی تصدیق منیش پال کی ٹیم کی جانب سے کی گئی، تاہم ان کے انتقال کی وجہ کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ بیان میں اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہونے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

منیش پال اپنی والدہ کے بہت قریب تھے اور وہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کے ساتھ گزارے گئے خوبصورت لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے تھے۔ وہ اپنی فیملی کو ہمیشہ نجی زندگی کا حصہ رکھتے تھے اور ذاتی معاملات کو زیادہ نمایاں نہیں کرتے تھے۔

سال 2022 میں اپنی والدہ کی سالگرہ کے موقع پر منیش پال نے ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں زندگی کو خوشی اور مثبت سوچ کے ساتھ گزارنا سکھایا۔ اداکار نے اپنی والدہ کی تربیت اور محبت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

آنجہانی ارمل پال اپنے سوگواران میں شوہر جگ موہن پال، بیٹوں منیش پال اور وویک پال جبکہ بیٹی جیوتی پال موہن چھوڑ گئی ہیں۔

ارمل پال کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے منیش پال اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

منیش پال نے اپنے کیریئر کا آغاز نئی دہلی میں اسکولوں اور کالجوں کے ثقافتی پروگراموں میں بطور میزبان کیا تھا۔ بعد میں انہوں نے ٹی وی اور فلموں میں اپنی پہچان بنائی۔ انہوں نے اداکاری کی دنیا میں فلم ”مکی وائرس“ سے بطور مرکزی اداکار قدم رکھا، جس میں انہوں نے ایک کمپیوٹر ماہر نوجوان کا کردار ادا کیا تھا۔

حالیہ عرصے میں منیش پال فلم ”سنی سنسکاری کی تلسی کماری“ میں بھی نظر آئے، جس میں ان کے ساتھ ورون دھون، جھانوی کپور اور اکشے اوبرائے جیسے فنکار شامل تھے۔ اس فلم کی ہدایت کاری ششانک کھیتان نے کی تھی جبکہ اسے کرن جوہر نے پروڈیوس کیا تھا۔

والدہ کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبزسے وابستہ شخصیات، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے منیش پال اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

More

Comments
1000 characters