مداح کئی روز سے امریکی پاپ اسٹار گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور فٹ بال اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی کی تصاویر کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی اس مشہور جوڑے نے شادی کے بعد پہلی بار عوامی تقریب میں شرکت کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔

3 جولائی کو نیویارک کے مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن میں شاندار تقریب کے دوران شادی کے بندھن میں بندھنے والے ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی چند ہی دن بعد ٹریوس کے سابق ساتھی اور کنساس سٹی چیفس کے کھلاڑی جوجو اسمتھ-شوسٹر اور فٹنس انفلوئنسر لورا کروک کی شادی میں شریک ہوئے۔

10 جولائی کو ہونے والی اس تقریب کی تصاویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ یہ پہلا موقع تھا جب مداحوں نے شادی کے بعد ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کو میاں بیوی کی حیثیت سے ایک ساتھ دیکھا۔

تقریب میں ٹیلر سوئفٹ گلابی رنگ کے خوبصورت سلیو لیس گاؤن میں ملبوس تھیں، جبکہ ان کی مخصوص سرخ لپ اسٹک نے ان کی شخصیت کو مزید نمایاں کر دیا۔ دوسری جانب ٹریوس کیلسی سیاہ رنگ کے خوبصورت سوٹ میں نظر آئے۔

دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے مسکراتے ہوئے تقریب میں داخل ہوئے۔ تصاویر میں ان کی شادی کی انگوٹھیاں بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھیں۔

تقریب کے دوران ٹیلر سوئفٹ خوشگوار موڈ میں دکھائی دیں اور دونوں زیادہ تر وقت ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے بیٹھے رہے۔

وہ دلہا دلہن کو مبارک باد دیتے رہے اور ایک نئے شادی شدہ جوڑے کی خوشی ان کے چہروں سے نمایاں تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ عوامی شرکت ان کے نجی ہنی مون سے واپسی کے فوراً بعد سامنے آئی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے بعد دونوں نے اپنا ہنی مون امریکہ کے مشہور سیاحتی مقام ییلو اسٹون کے ایک پرتعیش ریزورٹ میں گزارا اور جوجو اسمتھ-شوسٹر کی شادی سے قبل انہیں واپس گھر پہنچتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے 3 جولائی کو نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ایک انتہائی شاندار اور نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ اس موقع پر اس تاریخی کھیلوں کے میدان کو خوبصورت خفیہ باغ کی شکل دی گئی تھی۔

تقریب میں تقریباً ایک ہزار مہمان شریک ہوئے تھے، جن میں ہالی ووڈ کے معروف اداکار، موسیقار، کھیلوں کی دنیا کی شخصیات اور دونوں کے قریبی دوست اور اہل خانہ شامل تھے۔ شادی کے بعد اسٹیڈیم کے باہر نصب بڑی ڈیجیٹل اسکرینوں پر بھی ان کی شادی کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد یہ تقریب دنیا بھر کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئی۔

More

Comments
1000 characters