پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکارفہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ سیٹ پر بدسلوکی کے الزامات پر اپنی وضاحت جاری کر دی ہے۔

فہد شیخ نےانسٹاگرام پر سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے الزامات پر اپنا مؤقف سامنے رکھتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو صرف ایک مذاق تھی جو تمام فنکاروں کے درمیان ایک خاندان جیسے تعلق کی وجہ سے ہوئی تھی۔

فہد شیخ کا کہنا ہے کہ میں نے ذاتی طور پرسید محمد احمد سے معافی مانگ لی ہے اور اگر وہ چاہیں تو میں دوبارہ بھی کسی عام پلیٹ فارم پر معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں، تاہم انہوں نے سیٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا۔

اس پورے معاملے کی شروعات اس وقت ہوئی جب پاکستان ڈراما انڈسٹری کے انتہائی معزز اور ہر دلعزیز اداکار سید محمد احمد نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران مرکزی اداکار ادا کرنے والے ایک نوجوان نے ان کی عمر اور شکل و صورت کا بار بار مذاق اڑایا اور ان کی تذلیل کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس برے رویے کی وجہ سے وہ کام ادھورا چھوڑ کر جانا چاہتے تھے۔ اگرچہ سید محمد احمد نے کسی کا نام نہیں لیا تھا، لیکن بعد میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات میں فہد شیخ کا نام اس معاملے سے جوڑا گیا جن کے ساتھ انہوں نے ماضی میں کام کیا تھا۔

اس خبر کے سامنے آتے ہی پاکستانی شوبز انڈسٹری سید محمد احمد کی حمایت میں کھڑی ہو گئی۔ فیصل قریشی، شمون عباسی، رابعہ انعم اور حرا سومرو سمیت متعدد شوبز شخصیات نے سینئر اداکار کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

شمون عباسی کا کہنا تھا کہ اس نوجوان اداکار کو سینئر سے معافی مانگنی چاہیے۔ رابعہ انعم نے کہا کہ ان کی تذلیل کی گئی اور بغیر اجازت ان کی ویڈیو بھی بنائی گئی، جبکہ حرا سومرو کا کہنا تھا کہ تعلیم اور تربیت دو الگ چیزیں ہیں جو شاید ان کے پاس نہیں ہیں۔

دوسری جانب فہد شیخ کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا صارفین اور عوام ان سے مطمئن نظر نہیں آ رہے اور ان پر مسلسل تنقید کی جا رہی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ فہد شیخ معافی مانگنے اور اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے معاملے کو چھپانے اور دھمکیاں دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے فہد شیخ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے۔

دوسرے نے کہا کہ قانونی کارروائی کی دھمکی دینے کے بجائے سیدھے دل سے معافی مانگو، جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ آپ کا کوئی ایک بڑا یادگار کردار نہیں ہے اور آپ گیارہ سال سے کام کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔

فی الحال اس معاملے پر شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر بحث گرم ہے۔ اس تنازع نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ کیا ہماری شوبز انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کو وہ احترام دیا جا رہا ہے جس کے وہ حق دار ہیں، یا پھر شہرت کی دوڑ میں پیشہ ورانہ اقدار کہیں پیچھے رہ گئی ہیں؟

More

Comments
1000 characters