بولی ووڈ کی معروف ڈانسر، گلوکارہ اور اداکارہ نورا فتیحی نے مراکش کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر یاسین بونو کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات اور افواہوں کے طوفان پر بالآخر خاموشی توڑ دی ہے۔ اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ ان دونوں کے درمیان کسی قسم کا رومانی تعلق نہیں بلکہ صرف ایک گہری اور مخلصانہ دوستی کا رشتہ ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں نورا فتیحی نے ان تمام قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا جو گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔

نورا کا کہنا تھا کہ وہ یاسین بونو کو ایک بہترین اور قریبی دوست مانتی ہیں اور ان کی شخصیت کے ساتھ ساتھ ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔

نورا فتیحی نے اپنے انٹرویو میں مراکشی گول کیپر کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’یاسین کا شمار دنیا کے بہترین گول کیپرز میں ہوتا ہے اور مجھے ان کی کامیابیوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔ وہ ایک نہایت شائستہ، عاجز اور متوازن انسان ہیں جن کی تمام تر توجہ اپنی تربیت اور کھیل کو بہتر بنانے پر مرکوز رہتی ہے اور یہی بات انہیں دوسروں سے مختلف بناتی ہے۔“

اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ وہ یاسین کو طویل عرصے سے جانتی ہیں، تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کے باہمی رابطوں میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یاسین بونو کو سوشل میڈیا کی مصنوعی چمک دمک میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ زرق برق دنیا سے دور رہ کر خاموشی سے اپنے کام اور کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں۔ ان کے بقول، ’آج کے دور میں ایسے لوگ کم ملتے ہیں جو اپنی شہرت سے زیادہ اپنے کام کو اہمیت دیتے ہوں، اور یاسین انہی لوگوں میں شامل ہیں۔‘

رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر نورا فتحی اور یاسین بونو کی تصاویر اور ملاقاتوں کو بنیاد بنا کر دونوں کے درمیان تعلقات کی مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ کئی صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں، تاہم نورا فتحی نے ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے معاملے کی وضاحت کر دی ہے۔

واضح رہے کہ یاسین بونو اس وقت سعودی پرو لیگ کے نامور کلب ’الہلال‘ اور مراکش کی قومی فٹبال ٹیم کے لیے بطور اہم گول کیپر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ کے دوران مراکش کی تاریخی پیش قدمی میں یاسین بونو نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جس کے بعد وہ عالمی سطح پر راتوں رات مشہور ہو گئے۔

نورا فتحی اور یاسین بونو کے تعلقات کے حوالے سے گزشتہ چند ہفتوں سے مختلف افواہیں اور چٹ پٹی خبریں گرم تھیں، تاہم اداکارہ کے اس برملہ اور واضح بیان نے تمام قیاس آرائیوں اور بے بنیاد خبروں پر بالآخر مکمل طور پر ڈراپ سین کر دیا ہے۔

More

Comments
1000 characters