گھریلو صفائی کے لیے ہر بار مہنگے سامان خریدنے کی ضرورت نہیں ہوتی، بعض اوقات گھر میں موجود معمولی اور بظاہر بے کار چیزیں بھی بڑے کام آ سکتی ہیں۔ ایک عام سا ٹوتھ برش استعمال کے بعد اکثر کوڑے دان کی نذر کردیا جاتا ہے حالانکہ یہی پرانا برش باورچی خانے کی صفائی کے لیے ایک مفید ٹول بن سکتا ہے۔
گھریلو چیزوں کو دوبارہ استعمال کرنے کے نت نئے طریقے اکثر حیران کر دیتے ہیں۔ ہمارے گھروں میں بھی یہ روایت عام ہے کہ کسی چیز کو بے کار سمجھ کر فوراً پھینکنے کے بجائے اسے کسی دوسرے کام میں لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
پرانے کپڑوں کو صفائی کے لیے استعمال کرنا ہو یا ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوب کو اچھی طرح دبا کر آخری قطرے تک استعمال کرنا، یہ چھوٹی چھوٹی عادتیں بچت کے ساتھ کام بھی آتی ہیں۔ اسی طرح پرانا ٹوتھ برش بھی صرف دانت صاف کرنے تک محدود نہیں، بلکہ گھر کے کئی کاموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ بھی کچن کے مشکل کونوں، بوتلوں اور ایسے برتنوں کی صفائی کا آسان طریقہ تلاش کر رہے ہیں جہاں ہاتھ یا عام اسفنج نہیں پہنچ پاتا توایک بےکار ٹوتھ برش آپ کے کام آ سکتا ہے۔
پرانا ٹوتھ برش صرف ایک صفائی کے آلے تک محدود نہیں بلکہ گھر کے کئی چھوٹے بڑے کاموں میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
کچن کے مشکل کونوں کی صفائی
باورچی خانے میں سنک کے کناروں، نل کے اردگرد، ٹائلوں کے جوڑ اور چولہے کے اطراف ایسی جگہیں ہیں جہاں گرد، چکنائی اور میل آسانی سے جمع ہو جاتے ہیں۔ عام کپڑے یا اسفنج سے ان حصوں کو صاف کرنا مشکل ہوتا ہے، لیکن ٹوتھ برش کے چھوٹے ریشے ان تنگ جگہوں تک پہنچ کر صفائی آسان بنا سکتے ہیں۔
گیس برنر کو صاف کریں
گیس چولہے کے برنر باقاعدگی سے استعمال کے بعد کالے ہو جاتے ہیں اور ان کے چھوٹے سوراخ بند ہو جاتے ہیں۔ اس کے چھوٹے سوراخوں اور کناروں میں کھانے کے ذرات اور چکنائی جمع ہو سکتی ہے۔ ایسے میں پرانا ٹوتھ برش برنر کی بیرونی سطح اور کناروں کی صفائی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ٹوتھ برش پر تھوڑا سا صابن یا بیکنگ سوڈا لگا کر رگڑنے سے برنر کے اندر چھپی تمام گندگی منٹوں میں صاف ہو جاتی ہے۔ صفائی سے پہلے چولہا بند اور برنر مکمل ٹھنڈا ہونا چاہیے، جبکہ دوبارہ استعمال سے پہلے اسے اچھی طرح خشک کرنا بھی ضروری ہے۔
زیورات کی کھوئی ہوئی چمک واپس لائیں
چھوٹی بالیوں، چاندی کی پازیب اور دیگر زیورات کے کونوں میں میل جمع ہو جاتا ہے، جسے صاف کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ٹوتھ برش کے نرم ریشے زیورات کے نازک ڈیزائن کے اندر جمی میل کو نکال کر انہیں بالکل نیا جیسا چمکا دیتے ہیں۔
جوتوں کے داغ دور کریں
سفید جوتوں کے کناروں اور تلووں پر مٹی اور سیاہ داغ جلد نمایاں ہو جاتے ہیں۔ انہیں صاف کرنے کے لیے بھی پرانا ٹوتھ برش کام آ سکتا ہے۔ تھوڑا سا صابن یا جوتوں کے لیے موزوں کلینر لگا کر برش سے آہستگی سے رگڑیں، اس طرح ان حصوں کی صفائی بھی آسان ہو جائے گی جہاں کپڑا نہیں پہنچ پاتا اور جوتے ایسے چمک اٹھتے ہیں جیسے ابھی نئے خریدے ہوں۔
پرانے ٹوتھ برش کو مختلف کاموں کے لیے استعمال کرنا مفید ضرور ہے، لیکن صفائی اور احتیاط کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ کچن، باتھ روم اور جوتوں کی صفائی کے لیے الگ الگ برش رکھیں اور انہیں واضح طور پر نشان زد کریں تاکہ غلطی سے دوبارہ دانت صاف کرنے کے لیے استعمال نہ ہوں۔ کھانے کے برتنوں کی صفائی کے لیے بھی صرف صاف اور مخصوص برش استعمال کریں۔
یوں ایک معمولی سی چیز جسے ہم عموماً بے کار سمجھ کر پھینک دیتے ہیں، گھر کے کئی کاموں میں دوبارہ استعمال کی جا سکتی ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ روزمرہ استعمال کی چیزوں کو تھوڑی سی تخلیقی سوچ کے ساتھ کام میں لایا جائے۔
























