ایکس مین کے معروف اداکار 86 برس کی عمر میں چل بسے
معروف ہالی وُڈ اداکار پیٹرک اسٹیورٹ 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ مشہور فلمی سلسلوں ’اسٹار ٹریک‘ اور ’ایکس مین‘ میں اپنے یادگار کرداروں کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے تھے۔
ان کے ترجمان کیلی بش نوواک کے مطابق سر پیٹرک اسٹیورٹ نے بدھ کو لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانسیں لیں۔ وہ الزائمر اور لیوی باڈی ڈیمنشیا کے مرض میں مبتلا تھے۔
پیٹرک اسٹیورٹ کی موت کی خبر کے بعد دنیا بھر سے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور فلمی اداروں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
پیٹرک اسٹیورٹ کو خاص طور پر ’اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن‘ میں کیپٹن جین لوک پیکارڈ اور ’ایکس مین‘ میں پروفیسر چارلس زیویئر کے کرداروں سے شہرت ملی۔ تاہم ان کے فنی کیریئر کا بڑا حصہ تھیٹر سے وابستہ رہا، جہاں انہوں نے شیکسپیئر کے متعدد مشہور ڈراموں میں کام کیا۔
انہوں نے رچرڈ، میکبتھ اور ہیملٹ سمیت کئی کلاسیکی کردار ادا کیے۔ میکبتھ کے کردار میں ان کی اداکاری کو بھی خاصی پذیرائی ملی۔ 2007 میں انگلینڈ کے شہر چیچسٹر میں پیش کیے جانے والے اس ڈرامے کو بعد میں لندن، نیویارک اور براڈوے تک لے جایا گیا۔ اس کردار پر انہیں ٹونی ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا گیا۔
پیٹرک اسٹیورٹ نے اپنے کیریئر کے دوران تین اولیور ایوارڈز جیتے، جبکہ 1996 میں بچوں کی کہانی ’پیٹر اینڈ دی وولف‘ کی آڈیو ریکارڈنگ پر انہیں گریمی ایوارڈ بھی ملا۔
غربت سے شہرت تک کا سفر
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیٹرک اسٹیورٹ 1940 میں انگلینڈ کے علاقے یارکشائر کے شہر میر فیلڈ میں ایک محنت کش خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن مالی مشکلات میں گزرا اور گھر میں باتھ روم تک موجود نہیں تھا۔
انہوں نے 12 برس کی عمر میں ایک شوقیہ ڈرامہ گروپ میں شمولیت اختیار کی اور نوعمری میں ہی شیکسپیئر کے مکالمے یاد کرنا شروع کردیے۔ بعد ازاں برسٹل اولڈ وِک تھیٹر اسکول میں اسکالرشپ حاصل کی اور اداکاری کے باقاعدہ سفر کا آغاز کیا۔
وہ 14 برس تک رائل شیکسپیئر کمپنی سے وابستہ رہے اور مارک انٹونی، ہنری چہارم اور شائیلاک سمیت متعدد کردار ادا کیے۔
1987 میں انہیں سائنس فکشن ٹیلی وژن سیریز ’اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن‘ میں کیپٹن جین لوک پیکارڈ کا کردار ملا۔ ابتدا میں انہیں بتایا گیا تھا کہ یہ سیریز کامیاب نہیں ہوگی، تاہم اس کے برعکس یہ شو سات برس تک نشر ہوا، جس کی 178 اقساط بنیں اور بعد میں اس پر چار فلمیں بھی ریلیز ہوئیں۔
بعد ازاں انہوں نے ایکس مین فلموں میں پروفیسر چارلس زیویئر کا کردار ادا کیا اور 2022 میں فلم ’ڈاکٹر اسٹرینج اِن دی ملٹی ورس آف میڈنس‘ میں بھی نظر آئے۔
اداکاری کے علاوہ پیٹرک اسٹیورٹ گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی مدد کرنے والی تنظیم ریفیوج کے سرپرست بھی رہے۔ انہوں نے اپنی یادداشتوں میں بچپن کے تلخ تجربات اور والد کی جانب سے والدہ پر تشدد کا ذکر بھی کیا تھا۔
انہیں جون 2010 میں ملکہ الزبتھ دوم نے اداکاری اور فنون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں نائٹ کا خطاب دیا تھا۔ وہ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے سفیر بھی رہے۔
ان کے انتقال پر فلمی دنیا کی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا۔ ایکس مین میں ان کے ساتھی اداکار ہیو جیک مین نے انہیں بہترین دوست اور غیر معمولی انسان قرار دیا، جبکہ ایان میک کیلن نے کہا کہ پیٹرک اسٹیورٹ ایسے شخص تھے جن پر بھروسا کیا جاسکتا تھا۔
اداکار ولیم شٹنر نے بھی انہیں شاندار فنکار اور دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسٹیج سے لے کر انٹرپرائز جہاز تک ہر کردار میں ذہانت، وقار اور انسانیت کا مظاہرہ کیا۔
پیٹرک اسٹیورٹ نے 2013 میں گلوکارہ اور نغمہ نگار سنی اوزل سے شادی کی تھی۔ ان کے اہلِ خانہ میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی سوفیہ اور ایک بیٹا ڈینیئل شامل ہیں۔
پیٹرک اسٹیورٹ موت کے بعد بھی فلمی پردے پران کی نئی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں پروفیسر ایکس کے کردار میں نظر آئیں گے۔ مارول اسٹوڈیوز کی یہ فلم 18 دسمبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
























