موجودہ دور میں اپنے بچوں کو ہر لحاظ سے مکمل، بے عیب اور دیگر تمام بچوں سے بہتر بنانے کی خواہش والدین کے اندر ایک جنون کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ فطری طور پر والدین یہ چاہتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ اور مشکل کو دور کریں، لیکن اجداد کے زمانے سے چلی آنے والی یہ جبلت آج کے نسبت محفوظ اور آرام دہ دور میں الٹا نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ بچوں کے بنیادی رویوں سے لے کر ان کی خوراک اور روزمرہ کی عادتوں کو زبردستی متوازن کرنے کی اس مسلسل کوشش نے والدین کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی شدید دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔
بچوں کی ترقی اور ماہرینِ نفسیات کی جدید تحقیق کے مطابق بچوں میں معمولی رویوں کو بیماری یا نفسیاتی مسئلہ قرار دینے کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق موجودہ دور میں والدین بچوں کی پرورش کے معاملے میں پہلے سے زیادہ فکر مند دکھائی دیتے ہیں۔ وہ بچوں کی خوراک، تعلیم، رویوں اور جسمانی و ذہنی نشوونما کے ہر پہلو کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ماہرین کے مشوروں پر عمل کرتے ہیں۔
معمول کی عادات کو بیماری سمجھنے کا رجحان
بعض اوقات بچوں کے عام رویوں کو بھی کسی مسئلے یا بیماری کی علامت سمجھ لیا جاتا ہے۔ بچوں کی ذہنی نشوونما کی ماہر اور کلینیکل نیورو سائیکالوجسٹ کیٹی ایس ڈیوس نے اپنی نئی کتاب ’ایکچولی، یو آر فائن‘ میں اس رجحان پر روشنی ڈالی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دہائیوں میں بچوں میں توجہ کی کمی اور غیر معمولی سرگرمی (اے ڈی ایچ ڈی)، سیکھنے میں مشکلات اور آٹزم جیسے مسائل کی تشخیص میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ان کے مطابق اس اضافے کی ایک وجہ بیماریوں کے بارے میں بڑھتی ہوئی آگاہی، بہتر تشخیص اور معاشرتی جھجک میں کمی بھی ہے، جو مثبت پیش رفت ہے۔ تاہم بعض معمولی رویوں کو بھی بیماری کے زمرے میں شامل کرنے کا رجحان تشویش کا باعث ہے۔
وہ سمجھتی ہیں کہ ہر بچہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔ کچھ بچے زیادہ شرارتی، کم توجہ دینے والے یا دوسروں کے مقابلے میں مختلف انداز سے سیکھنے والے ہو سکتے ہیں، لیکن ضروری نہیں کہ ہر ایسی عادت کسی ذہنی یا نفسیاتی مسئلے کی نشانی ہو۔
تشخیص کا لیبل بچوں کی خود اعتمادی متاثر کرسکتا ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دہائیوں میں بچوں کے اندر سیکھنے کی مشکلات، توجہ کی کمی اور آٹزم جیسی بیماریوں کی تشخیص میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ آگاہی میں بہتری ایک مثبت پہلو ہے، لیکن اب معمولی اور عام رویوں کو بھی بیماری کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر ڈیوس کے مطابق بچوں پر کسی نفسیاتی یا طبی بیماری کا لیبل لگانے سے ان کی خود اعتمادی اور ذہنی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں اور بچہ یہ محسوس کرنے لگتا ہے کہ اس کے اندر کوئی نقص موجود ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سوچ سے اس کے اعتماد، اپنی صلاحیتوں پر یقین اور مستقبل میں اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش متاثر ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر ڈیوس کا کہنا ہے کہ بعض بچوں کے لیے درست تشخیص انتہائی ضروری ہوتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے انہیں اسکول میں اضافی سہولتیں، علاج اور ماہرین کی مدد مل سکتی ہے۔ لیکن اگر کسی بچے کو حقیقی ضرورت کے بغیر کسی بیماری سے منسوب کردیا جائے تو اس سے ان بچوں کے لیے دستیاب وسائل بھی متاثر ہوسکتے ہیں جنہیں واقعی خصوصی توجہ درکار ہوتی ہے۔
غیر ضروری علاج سے بچوں کی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں
ڈاکٹر ڈیوس نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ ضرورت کے بغیر علاج اور مختلف تھراپیز میں بچے کا وقت اور پیسہ خرچ ہوسکتا ہے۔
مثال کے طور پر اگر کسی بچے کو تقریر یا زبان کی تھراپی کی ضرورت نہیں، لیکن اسے پھر بھی اس عمل سے گزارا جائے تو اس کا وقت کھیل کود، دوستوں کے ساتھ میل جول، اسکول کے کام اور دیگر سرگرمیوں میں صرف ہونے کے بجائے علاج میں گزر سکتا ہے۔
ان کے مطابق بچوں کی مدد کرنا ضروری ہے، لیکن یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کہیں ان کی معمول کی زندگی اور بچپن کی خوشیاں غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے متاثر تو نہیں ہو رہیں۔
ہر بچے کو دوسروں جیسا بنانے کی ضرورت نہیں
کیٹی ڈیوس کا کہنا ہے کہ والدین پر بھی بچوں کی پرورش کے حوالے سے معاشرتی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ والدین پر ماہرینِ تربیت اور سوشل میڈیا کا یہ غیر محسوس دباؤ ہوتا ہے کہ اگر ان کا بچہ بہترین نہیں ہے تو وہ ایک ناکام والد یا والدہ ہیں۔ اگر بچہ زیادہ شرارتی ہو تو والدین کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اگر وہ ہر وقت دوسروں کو خوش رکھنے کی کوشش کرے تو اس کے رویے کو بھی مختلف انداز سے دیکھا جاتا ہے۔
تاہم، ماہرین کا ماننا ہے کہ بچوں کی نشوونما ایک قدرتی اور لچکدار عمل ہے۔ اسکول کے دور میں پڑھائی میں سست یا شرارتی رہنے والے بیشتر بچے بڑے ہو کر معاشرے کا ایک عام اور کامیاب حصہ بن جاتے ہیں۔
اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ ہر بات پر بچوں کی اصلاح یا طبی حل تلاش کرنے کے بجائے انہیں اپنے تجربات سے خود سیکھنے کا موقع دیں اور یہ قبول کریں کہ بچہ اگر تھوڑا مختلف یا غیر معمولی نہیں ہے، تب بھی وہ بالکل ٹھیک ہے۔
والدین کا کردار ایسے موقع پر بچے کو سمجھنے، اس کی رہنمائی کرنے اور مشکل صورت حال سے نکلنے میں مدد دینا ہے۔
کامیابی کا مطلب ہر میدان میں بہترین ہونا نہیں
موجودہ دور میں بچوں سے غیر معمولی کامیابی کی توقعات وابستہ کردی گئی ہیں۔ اچھے اسکول، بہترین نمبر اور مستقبل میں اعلیٰ ملازمت حاصل کرنے کی دوڑ نے والدین اور بچوں دونوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
سوشل میڈیا بھی اس معاملے میں کردار ادا کرتا ہے، جہاں لوگ اپنی زندگی کے بہترین لمحات دکھاتے ہیں۔ دوسرے بچوں کی کامیابیوں کو دیکھ کر والدین اپنے بچوں کا موازنہ کرنے لگتے ہیں اور انہیں بھی ہر میدان میں نمایاں دیکھنا چاہتے ہیں۔
کیٹی ڈیوس کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ ہر بچہ غیر معمولی کامیابی حاصل نہیں کرتا اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔ زیادہ تر بچے بڑے ہوکر ایک معمول کی زندگی گزارتے ہیں اور یہ بالکل قابل قبول ہے۔
ان کے مطابق والدین کو یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ بچوں کی نشوونما ایک قدرتی عمل ہے اور ہر معمولی فرق کو فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ البتہ جہاں واقعی کسی مسئلے کی علامات موجود ہوں، وہاں مستند ماہر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ بچوں کو بہتر بنانے کی کوشش میں ان کی اصل شخصیت اور صلاحیتوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
























