سیالکوٹ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے دو افراد کی ہلاکت کے معاملے میں نیا موڑ سامنے آگیا ہے۔ پولیس نے معروف ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کو جاں بحق نوجوان کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے اور مقدمے میں صلح کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد کے مطابق ملزم کو تھانہ صدر ڈسکہ میں درج ہونے والے نئے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اور گرفتار ملزم کو 10 نومبر کو ڈسکہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ بھگدڑ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ 6 نومبر کو چار نامعلوم مسلح افراد ان کے گھر پہنچے اور اہلخانہ پر مقدمے میں صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالا۔ مبینہ طور پر انکار کرنے پر خاندان کو سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

پولیس کے مطابق درخواست میں انصر جٹ عرف مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کا نام بھی سامنے آیا، جس کے بعد تھانہ صدر ڈسکہ میں نیا مقدمہ درج کرکے کارروائی کی گئی۔

یہ واقعہ 30 اکتوبر کو سیالکوٹ میں ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آیا تھا، جہاں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب اور انعامات کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ منتظمین کی جانب سے گراؤنڈ کے دروازے کھولے جانے پر لوگوں کی بڑی تعداد نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد زمین پر گر کر ہجوم تلے دب گئے۔

ابتدائی طور پر ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم بعد میں شدید زخمی محمد ریحان نے بھی دوران علاج دم توڑ دیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد دو ہوگئی۔ مختلف میڈیا رپورٹس میں زخمیوں کی تعداد 17 سے 18 بتائی گئی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے مسٹر پتلو، ان کے بھائی، گراؤنڈ کے مالک، دیگر منتظمین اور سکیورٹی گارڈز سمیت 50 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس مقدمے میں پولیس نے ابتدائی طور پر چھ افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔

,

بھگدڑ کے واقعے کے بعد مسٹر پتلو نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے 3 نومبر کو ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 نومبر تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت میں پیشی کے دوران وہ وہیل چیئر پر اپنے وکیل کے ہمراہ پہنچے تھے۔ یہ حفاظتی ضمانت مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے حوالے سے درج پہلے مقدمے میں حاصل کی گئی تھی، جبکہ متاثرہ خاندان کو مبینہ دھمکیاں دینے کے معاملے میں الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد مسٹر پتلو کچھ وقت تک منظر عام پر نہیں آئے تھے۔ بعد ازاں 2 نومبر کو نامعلوم مقام سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے بھگدڑ کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ویڈیو میں انہوں نے مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ چھوڑ جانے کا شکوہ بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر ان کی اگلی ویڈیو نہ آئے تو سمجھا جائے کہ انہوں نے خودکشی کرلی ہے۔

مسٹر پتلو کی گرفتاری کے بعد اب دونوں مقدمات میں قانونی کارروائی اور تفتیش اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نئے مقدمے کی تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی، جبکہ الزامات کے درست یا غلط ہونے کا تعین قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔

More

Comments
1000 characters