پورٹو ریکو میں مس یونیورس 2026 کا رنگا رنگ میلہ سج چکا ہے،جہاں دنیا بھر کی حسینائیں عالمی اعزاز کے حصول کے لیے مقابلے میں شریک ہیں، تاہم اس بار مقابلے کی رونقوں کے ساتھ تنازعات بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ فائنل سے قبل ہی 15 ممالک کی امیدوار مختلف وجوہات کی بنا پر مقابلے سے باہر ہو چکی ہیں۔
مقابلے سے باہر ہونے والی خواتین میں بعض کی عدم شرکت کی وجہ ویزا مسائل ہیں جبکہ چھ ایشیائی ممالک فرنچائز تنازع کے باعث مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
مس یونیورس آسٹریا وکٹوریہ ایمَرسن نے بھی مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اس فیصلے کے پیچھے کئی وجوہات ہیں، تاہم وہ اپنی اقدار پر قائم رہنے کے ساتھ اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کو ترجیح دینا چاہتی ہیں۔
وکٹوریہ ایمَرسن کے مطابق اس سفر کے دوران انہیں خود کو سمجھنے اور اپنی ترجیحات کا تعین کرنے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اب ان کے پاس مقابلے کا تاج اور اعزازی پٹی نہیں ہوگی، لیکن اپنی شناخت اور خود اعتمادی برقرار رکھنا ان کے لیے زیادہ اہم ہے۔
دوسری جانب مس یونیورس بلغاریہ آنا ماریا بھی ایک کار حادثے کے باعث مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔ مقابلے کے منتظمین نے اپنے بیان میں بتایا کہ حادثے کے بعد ان کی جسمانی حالت ایسی نہیں کہ وہ آئندہ مقابلے کے مراحل میں حصہ لے سکیں۔
منتظمین کے مطابق امیدواروں کی صحت، حفاظت اور مکمل صحت یابی کسی بھی اعزاز یا تاج سے زیادہ اہم ہے۔
سینٹ مارٹن کی نمائندہ میڈلی میریئن نے بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، تاہم تمام پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد انہیں یہ قدم اٹھانا پڑا۔
مس یونیورس 2026 میں چھ ایشیائی ممالک تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ویتنام، لاؤس، سنگاپور اور ملائیشیا کی نمائندگی کرنے والی خواتین بھی حصہ نہیں لے سکیں گی۔ ان ممالک کی عدم شرکت کی وجہ مقابلے کی فرنچائز اور کاروباری معاملات سے متعلق تنازع بتایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان ممالک کی امیدواروں کو عالمی مقابلے میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم ان کے قومی اعزاز برقرار رہیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ویتنام اگلے سال ہونے والے مس یونیورس کے 76 ویں مقابلے کی میزبانی کرے گا۔
چھ ایشیائی ممالک کے علاوہ نیپال، انگولا، زیمبیا، زمبابوے اور جمہوریہ کانگو کی امیدوار بھی اس سال مقابلے میں شریک نہیں ہو رہی ہیں۔ ان ممالک کی عدم شرکت کی وجہ ویزا مسائل یا امریکی ویزا پابندیاں بتائی گئی ہیں۔
ادھر مالدیپ کی نمائندہ امینت یوئن محمد نے بھی مس یونیورس 2026 سے دستبرداری اختیار کر لی ہے، تاہم انہوں نے اس کی کوئی وجہ بیان نہیں کی۔ مراکش کی امیدوار سارہ اللالی نے بھی مقابلے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن ان کی جانب سے بھی دستبرداری کی وجوہات سامنے نہیں آئیں۔
یوں مس یونیورس کے 75 ویں مقابلے کا آغاز ہی متعدد امیدواروں کی عدم شرکت اور انتظامی تنازعات کے باعث توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
























