پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر کے کنسرٹ میں سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان کی ڈانس پرفارمنس سوشل میڈیا صارفین کو برہم کر گئی۔

گزشتہ دنوں ماہرہ خان کو مشن بازار میں منعقدہ عاصم اظہر کے کنسرٹ میں دیکھا گیا، جہاں عاصم نے اپنا مشہور گانا ”ترستی ہیں نگاہیں“ پیش کیا۔

اسی دوران ماہرہ خان بھی گانے کی دھن پر اسٹیج کے قریب ڈانس کرتے دیکھی گئیں۔ ماضی میں یہ گانا ان پر فلمایا گیا تھا۔

آف وائٹ پرنٹڈ انگرکھا شرٹ، چوڑی دار پاجامہ اور دوپٹہ میں ملبوس ماہرہ خان کھلے بالوں میں وہ خاصی پُرکشش اور پرجوش نظر آ رہی تھیں، لیکن ان کا یہ اندازعوام کو متاثر نہ کرسکا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل آیا ، زیادہ تر تبصروں میں ان پر تنقید کی گئی تھی۔

کئی صارفین نے ان کے ڈانس مووز کو غیر متاثر کن قرار دیا، ایک صارف نے لکھا، ”ایک سینئر اداکارہ کے لیے ایسے ڈانس مووز مناسب نہیں تھے۔“

ایک اور تبصرہ تھا، ”پاکستان میں لوگ عمر بڑھنے کے بعد بھی خود کو کم عمر ثابت کرنے کی کوشش کیوں کرتے ہیں؟“

کچھ صارفین نے ماہرہ خان کے اس انداز کا موازنہ بھارتی گلوکار اے پی ڈھلن اور اداکارہ تارا ستاریا کی وائرل کنسرٹ موومنٹ سے بھی کیا۔

ایک صارف نے لکھا، ”آپ نے تارا ستاریا کو کاپی کرنے کی کوشش کی، مگر متاثر نہ کر سکیں۔“


جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا، ”یہ کرینہ کپور بننے کی کوشش لگتی ہے۔“

ماہرہ خان پاکستان کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، جنہوں نے ٹی وی اور فلم دونوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، مگر انہیں اصل شہرت ہٹ ڈرامہ سیریز ’ہمسفر‘ سے حاصل ہوئی، جبکہ ’صدقے تمہارے‘، ’شہرِ ذات‘، ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ اور بلاک بسٹر ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ان کی نمایاں کاوشوں میں شامل ہیں۔

اداکارہ سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز ایک کروڑ 17 لاکھ سے زیادہ ہیں۔ حال ہی میں وہ وہاج علی کے ساتھ ایک خوبصورت ٹی وی کمرشل میں نظر آئیں اور مداح انہیں بہت جلد ایک نئے ڈرامے میں بھی ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔

More

Comments
1000 characters