پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اور میزبان فضا علی نےاپنی ذاتی زندگی سے متعلق کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔
حال ہی میں ایک ٹی وی ٹاک شو میں گفتگو کے دوران فضا علی نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 1984 میں پیدا ہوئیں اور صرف 15 سال کی عمر میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔
ان کے مطابق کم عمری سے ہی انہیں اداکاری اور اسکرین پر آنے کا شوق تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی پہچان ایک اداکارہ اور میزبان کے طور پر بنائی۔
فضا علی نے اپنی عمر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت 41 سال کی ہیں اور ان کے مطابق عمر کے اس حصے میں بھی محبت اور جذبات کے اظہار پر کسی قسم کی پابندی یا اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں سب سے اہم چیز محبت اور ساتھ ہے، جو اب انہیں مل چکا ہے۔
اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے عیدالفطر 2026 پر اعجاز خان سے نکاح کیا، جو ان کی تیسری شادی ہے۔
ان کے شوہر برطانیہ سے تعلق رکھتے ہیں اور شادی کے بعد وہ فضا علی کے ساتھ پاکستان میں مقیم ہیں۔
نکاح اور حق مہر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے نکاح کو انتہائی سادگی سے رکھنا چاہتی تھیں اور صرف 5 سے 7 ہزار روپے شرعی حق مہر تجویز کیا تھا۔

فضا علی کے مطابق ان کے شوہر نے انہیں 1 سے 2 کروڑ روپے اور جائیداد دینے کی پیشکش بھی کی، تاکہ وہ مالی طور پر خود کو محفوظ محسوس کریں، لیکن فضا نے یہ سب لینے سے انکار کر دیا۔
ان کے مطابق نکاح نامے میں بالآخر 10 لاکھ روپے حق مہر درج کیا گیا، اگرچہ فضا اس کے بھی حق میں نہیں تھیں، لیکن شوہر کے اصرار پر ایسا کیا گیا۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ ان کے لیے مالی معاملات سے زیادہ اہمیت رشتے اور اعتماد کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نکاح کی تقریب نہایت سادہ تھی، ہمیں کسی بینک بیلنس یا ہیرے جواہرات کی ضرورت نہیں تھی۔ تحفے کے طور پر صرف سونے کی دو انگوٹھیاں ایک میرے لیے اور ایک میری بیٹی فرال کے لیےلائی گئی تھیں۔ ہم نے پھولوں کے زیورات پہنے اور سادگی سے اس بندھن میں بندھ گئے۔
فضا علی اس وقت ایک نجی چینل پر لائیو شو کی میزبانی بھی کر رہی ہیں۔ ان کے یہ انکشافات سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہیں، جہاں مداح ان کی سادگی اور واضح مؤقف پر مختلف ردعمل دے رہے ہیں۔
























