بولی ووڈ کے مشہور اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بالآخر فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سنیتا آہوجا نے اپنی پہلی بولی ووڈ فلم سائن کر لی ہے، جو بالاجی موشن پکچرز کے بینر تلے بنائی جا رہی ہے۔ اس فلم کی پروڈیوسر معروف فلم ساز ایکتا کپور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فلم کا نام تاحال تجویز نہیں کیا گیا ہے، تاہم اس میں سنیتا آہوجا کو ایک اہم اور مضبوط کردار میں دیکھا جائے گا۔
58 سالہ سنیتا تقریباً 20 دن کی شوٹنگ کریں گی، جبکہ فلم کی دیگر تفصیلات کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سنیتا آہوجا گزشتہ کچھ عرصے سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
اگرچہ ان کی شادی گووندا سے 1987 میں ہوئی تھی، مگر وہ طویل عرصے تک فلمی دنیا سے دور رہیں اور نجی زندگی کو ترجیح دیتی رہیں، جبکہ گووندا 90 کی دہائی کے سب سے بڑے ستاروں میں شمار ہوتے رہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران سنیتا آہوجا کی ایک نئی شبیہہ عوام کے سامنے آئی ہے۔ انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کھل کر بات کیاور خاندان کے اندر چھپے کئی راز بھی کھول دیے، جس کے بعد سوشل میڈیا اور فلمی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
کبھی دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں زور پکڑنے لگتیں تو کبھی گووندا کا کوئی نیا یا پرانا افیئر سامنے آجاتا۔ ان افواہوں پر بالآخر گووندا کو بھی خاموشی توڑنی پڑی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گووندا نے ازدواجی اختلافات کی خبروں کو ”بڑی سازش“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاموشی بعض اوقات کمزوری سمجھی جاتی ہے، اسی لیے انہوں نے وضاحت دینا ضروری سمجھا۔
ان کا کہنا تھا کہ خاندان کے کچھ افراد نادانستہ طور پر اس سازش کا حصہ بن سکتے ہیں۔
ادھر سنیتا آہوجا نے ڈیجیٹل دنیا میں بھی قدم رکھ لیا ہے اور اپنا ولاگ چینل لانچ کیا ہے، جہاں وہ ایک بے باک اور غیر روایتی انداز میں نظر آتی ہیں، جو ماضی کے مقابلے میں بالکل مختلف ہے۔
سنیتا کی فلمی انٹری سے آہوجا خاندان کا فلموں سے تعلق مزید مضبوط ہو گیا ہے۔ ان کی بیٹی ٹینا آہوجا پہلے ہی فلم ’سیکنڈ ہینڈ ہسبنڈ‘ سے ڈیبیو کر چکی ہیں، جبکہ بیٹے یش وردھن آہوجا کے بھی جلد بولی ووڈ میں قدم رکھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
























