علی اصغر نے ’دی کپل شرما شو‘ میں دادی کے منفرد کردار سے ناظرین میں خاصی مقبولیت حاصل کی تھی۔ ان کی مزاحیہ اداکاری کو خوب سراہا گیا، تاہم 2019 میں انہوں نے اس پروگرام سے علیحدگی اختیار کرلی۔ ان کے شو چھوڑنے کی وجہ جاننے کے لیے مداح طویل عرصے سےبے چین تھے، جبکہ یہ سوال بھی کیا جاتا رہا ہے کہ وہ ان دنوں کن سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ اب علی اصغر نے ایک حالیہ انٹرویو میں شو سے الگ ہونے کی وجوہات خود ہی بیان کردیں۔
حال ہی میں منیش پال کے ساتھ ایک انٹرویو میں علی اصغر نے انکشاف کیا کہ لوگ یہ سوچ کر حیران ہوتے ہوں گے کہ انہوں نے اتنا بڑا شو کیوں چھوڑ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں بار بار خواتین کے کردار کرنے پڑتے تھے، چاہے وہ ’کامیڈی سرکس‘ ہو یا کوئی اور پروجیکٹ۔ ہفتہ اور اتوار کو ایک ہی جیسا کام، کبھی ہسپتال کی نرس، کبھی ساس تو کبھی سبزی فروش کا کردار ان کے لیے اکتاہٹ کا باعث بن گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ لکھنے والوں کے لیے دو مرد کامیڈینز میں سے کسی ایک کو خاتون کے روپ میں پیش کرنا آسان تھا، اسی لیے انہیں بار بار ایسے کردار ملتے رہے۔
علی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رائٹرز کے لیے دو مرد مزاح نگاروں سے عورت کا کردار کروانا آسان ہوتا تھا، لیکن ایک وقت ایسا آتا ہے جب انسان اس بندش سے تنگ آ جاتا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ روز صرف دال چاول نہیں کھانا چاہتے تھے، بلکہ انہیں اپنی خوراک میں تبدیلی اور کچھ نیا کرنے کی جستجو تھی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔
اداکار نے اعتراف کیا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے ہرگز آسان نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ طویل عرصے تک یہ کردار اس لیے کرتے رہے کیونکہ انہیں روزگار اور کام کی ضرورت تھی جس سے ان کا گھر چلتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ کوئی ایسے ہیرو نہیں تھے جو پروڈیوسرز کو یہ کہہ سکتے کہ ”مجھے یہی کرنا ہے ورنہ کام چھوڑ دوں گا“، کیونکہ شوبز کی دنیا میں ”تم نہیں تو کوئی اور“ کا اصول چلتا ہے۔ اسی مجبوری کے تحت وہ حالات کے ساتھ چلتے رہے اور ابتدا میں انہیں اس کا احساس نہیں ہوا۔
کپل شرما کے ساتھ اپنے سنہری دور کو یاد کرتے ہوئے علی نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بڑے اسٹیج شوز، ایوارڈ تقریبات یہاں تک کہ ”مس انڈیا“ اور ”مس یونیورس“ جیسے بڑے پلیٹ فارمز پر بھی کپل کے ساتھ کام کیا اور اپنے ہر کردار کو پوری ایمانداری سے نبھایا۔
علی اصغر کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے سابقہ کرداروں سے کوئی شکوہ یا شکایت نہیں ہے۔ اگرچہ وہ اب باقاعدگی سے ٹیلی ویژن پر اس روایتی روپ میں نظر نہیں آتے، لیکن وہ آج بھی کارپوریٹ اور لائیو شوز کے ذریعے اپنے چاہنے والوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
ان کا ماننا ہے کہ انہیں آج بھی جو کام اور محبت مل رہی ہے، اس کی بنیادی وجہ وہی پرانے مشہور کردار ہیں جنہوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔
























