ایشوریا رائے نے سلمان خان سے بریک اَپ پر خاموشی کی وجہ بتا دی
بولی ووڈ اداکارہ اور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے کا پرانا انٹرویو پھر سے وائرل ہورہا ہے، جس میں انہوں نے سلمان خان سے اپنے تعلقات ختم ہونے کے معاملے پر عوامی سطح پر بات نہ کرنے کی اصل وجہ بتائی تھی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس قصے کو ماضی کا حصہ سمجھتی ہیں اور اسے دوبارہ زیرِ بحث نہیں لانا چاہتیں۔
ایشوریا رائے نے 2012 میں سیمی گریوال کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے اس موضوع پر گفتگو کی تھی۔ دورانِ انٹرویو ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سلمان خان کے ساتھ اپنے ماضی کے تعلقات کو غیر جانب دار انداز میں دیکھ سکتی ہیں؟
اس پر ایشوریا نے کہا کہ وہ اس معاملے کو اپنی زندگی سے الگ کر چکی ہیں اور کسی عوامی پلیٹ فارم پر اس پر بات کرنا پسند نہیں کریں گی۔
جب سیمی گریوال نے پوچھا کہ کیا اس واقعے کا ذکر کرنے سے ان کے ذہن میں منفی جذبات پیدا ہوتے ہیں تو ایشوریا نے جواب دیا کہ وہ اپنے اندر کے منفی احساسات سے نکل چکی ہیں۔ وہ اپنے ماضی کے تمام برے تجربات کو پیچھے چھوڑ چکی ہیں اور ان کے نزدیک گزرے ہوئے کل کو ماضی میں ہی دفن رہنا چاہیے۔
جب سیمی گریوال نے سوال کیا کہ اگر یہ ماضی کی بات ہے تو پھر وہ اس پر کھل کر بات کرنے سے کیوں گریز کرتی ہیں، تو ایشوریا نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ خاموش رہنا کسی خاص وجہ سے ان کا ذاتی فیصلہ تھا۔ وہ اپنی زندگی کو صرف اپنی ذات تک محدود نہیں سمجھتیں بلکہ ان کے ساتھ ان کا خاندان اور وہ لوگ بھی جڑے ہیں جن سے انہیں محبت ہے اور جن کی وہ دل سے عزت کرتی ہیں۔
ایشوریا رائے کا کہنا تھا کہ وہ کسی معاملے پر بات کرتے ہوئے صرف اپنے بارے میں نہیں سوچتیں۔ ان کے خاندان اور قریبی لوگوں کے احساسات بھی ان کے لیے اہم ہیں، اسی لیے وہ بعض موضوعات پر عوامی سطح پر گفتگو کرنے سے گریز کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں، لیکن وہ خود کو ایک عام لڑکی بھی سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق، جن لوگوں کا ذکر وہ کسی گفتگو میں کریں گی، وہ بھی عام انسان ہیں، ان کے اپنے جذبات، رشتے اور خاندان ہیں۔
ایشوریا نے مزید کہا کہ جب وہ کسی معاملے پر بات نہیں کرتیں تو بعض لوگ انہیں محتاط یا سفارتی انداز اپنانے والی قرار دیتے ہیں، لیکن ان کے فیصلے کے پیچھے دوسروں کے احساسات کا خیال رکھنا بھی شامل ہے۔
ایشوریا رائے اور سلمان خان کے درمیان قربت 1999 میں فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کی شوٹنگ کے دوران بڑھی تھی۔ دونوں کے تعلقات اس وقت بھارتی فلمی دنیا میں خاصی توجہ کا مرکز رہے، تاہم 2002 میں ان کی راہیں جدا ہوگئیں۔
بعد ازاں میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلمان خان فلم ’چلتے چلتے‘ کے سیٹ پر پہنچے تھے، جس کے بعد ایشوریا کو فلم سے الگ کر دیا گیا اور رانی مکھرجی کو مرکزی کردار میں شامل کیا گیا۔
اس کے بعد ایشوریا کے اداکار وویک اوبرائے کے ساتھ تعلقات کی خبریں سامنے آئیں تو سلمان خان اور وویک اوبرائے کے درمیان بھی تنازع کی اطلاعات ملیں۔
ایشوریا رائے نے اپریل 2007 میں اداکار ابھیشیک بچن سے شادی کی تھی۔ دونوں کی ایک بیٹی آرادھیا ہے۔
























