پاکستانی اداکارہ درفشاں سلیم سوشل میڈیا پر اپنے وزن اور بازوؤں کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئیں۔
نجی چینل کے ڈرامے کی ایک قسط نشر ہونے کے بعد بعض صارفین نے ان کی جسمانی ساخت پر تبصرے کیے، جبکہ کچھ لوگوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ان کی ایسی تصاویر بھی بنائیں جن میں ان کے بازو غیر معمولی طور پر بڑے دکھائے گئے۔
ڈرامے کے ایک منظر میں درفشاں سلیم کو بغیر آستین یعنی سلیو لیس شرٹ پہنے دکھایا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بازوؤں اور کندھوں کی ساخت پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔
ناقدین کی جانب سے نہ صرف ان کی جسمانی ساخت اور وزن پر جملے کسے گئے بلکہ حد تو یہ ہو گئی کہ کچھ لوگوں نے مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی مدد سے ان کی تصاویر میں ان کے بازوؤں پر بڑے مسلز بنا کر انہیں بین الاقوامی ریسلرز سے تشبیہ دی۔

کئی صارفین نے باڈی شیمنگ کا نشانہ بناتے ہوئے ڈرامے میں ان کے روپ پر منفی اور نامناسب تبصرے کیے۔


سوشل میڈیا پر مسلسل ہونے والی باڈی شیمنگ اور منفی رویوں کا سامنا کرنے کے بعد اداکارہ نے گھبرانے یا برہم ہونے کے بجائے انتہائی پراعتماد انداز میں جواب دیا۔
درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر لگژری برانڈ کی اپنی ایک تشہیری ویڈیو شیئر کی، اور اس کے ساتھ ایک طنزیہ اور پُراعتماد کیپشن لکھا ’آلویز فیت: اینڈ ڈیٹ از دی ٹوئٹ‘۔

اداکارہ کا یہ مختصر مگر بھرپور اور پُراعتماد ردعمل سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور مداحوں کی جانب سے اسے بے حد سراہا جا رہا ہے۔ حالانکہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کسی شخص کا نام نہیں لیا۔
ڈرامہ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین درفشاں سلیم کے مثبت رویے، اپنے وجود پر فخر اور ٹرولنگ کو نظر انداز کرنے کے پُروقار انداز کی تعریف کر رہے ہیں۔


اس کے ساتھ ہی متعدد صارفین نے ملک میں بڑھتے ہوئے باڈی شیمنگ کے رجحان اور کسی کی جسمانی ساخت پر بغیر وجہ تنقید کرنے کے رویے پر شدید افسوس اور ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔






























