جِم میں یہ 6 غلطیاں ہرگز نہ کریں
جم میں ورزش کرتے وقت صرف وزن اٹھانا اور مشینیں استعمال کرنا ہی اہم نہیں، بلکہ دوسروں کا خیال رکھنا اور صفائی کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ اکثر لوگ انجانے میں کچھ ایسی حرکات کر بیٹھتے ہیں جو دوسروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔ خاص طور پر نئے لوگوں کے لیے جم کا ماحول پہلے ہی کچھ مشکل محسوس ہو سکتا ہے۔ ایسے میں دوسروں کا نامناسب رویہ ان کی پریشانی بڑھا سکتا ہے۔
ورزش کے دوران کچھ عادتیں ایسی ہیں جو نہ صرف دوسرے لوگوں کے لیے پریشانی کا سبب بنتی ہیں بلکہ جم میں سب کے لیے ماحول کو بھی ناخوشگوار بنا سکتی ہیں۔ ان میں مشینوں پر بلاوجہ قبضہ کرنا، پسینے سے بھیگی بینچ صاف نہ کرنا اور دوسروں کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنانا شامل ہیں۔
1۔ موبائل چلانے کے لیے مشین پر زیادہ دیر نہ بیٹھیں
اکثر لوگ ورزش کے دوران مشین پر بیٹھ کر موبائل فون استعمال کرنے لگتے ہیں۔ ورزش کے دوران ایک سیٹ مکمل کرنے کے بعد آرام کرنا معمول کی بات ہے، لیکن اگر کوئی شخص مشین یا بینچ پر بیٹھ کر طویل وقت تک موبائل استعمال کرتا رہے تو دوسرے لوگوں کو انتظار کرنا پڑتا ہے۔
خاص طور پر رش کے اوقات میں جب مشینیں اور بینچ پہلے ہی کم دستیاب ہوں، ایسی عادت دوسروں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ اگر آپ کو طویل بریک چاہیے تو مشین خالی کر دیں تاکہ کوئی دوسرا اسے استعمال کر سکے۔
پسینے سے بھیگی بینچ صاف کیے بغیر نہ چھوڑیں
ورزش کے دوران پسینہ آنا قدرتی بات ہے اور اس میں شرمندگی کی کوئی وجہ نہیں۔ تاہم، استعمال کے بعد بینچ، مشین یا ورزش کے لیے استعمال ہونے والے میٹ کو پسینے سے گیلا چھوڑ دینا مناسب نہیں۔
جم میں صفائی کے لیے کپڑا یا کوئی دوسرا سامان موجود ہو تو اسے استعمال کرتے ہوئے اپنی جگہ صاف کر دیں۔ اس طرح اگلے شخص کو ورزش شروع کرنے سے پہلے صفائی نہیں کرنا پڑے گی۔
کسی کو بغیر مانگے ورزش کا مشورہ نہ دیں
اگر آپ کئی سال سے ورزش کر رہے ہیں تو ممکن ہے کہ کسی دوسرے شخص کو ورزش کرتے دیکھ کر آپ کو اس کی غلطی محسوس ہو۔ تاہم، ہر شخص یہ نہیں چاہتا کہ کوئی اجنبی اس کے ورزش کرنے کے انداز، وزن یا معمول پر تبصرہ کرے۔
خاص طور پر نئے افراد کے لیے اس طرح کی باتیں پریشانی کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس لیے جب تک کوئی خود مشورہ نہ مانگے، اسے غیر ضروری ہدایات دینے سے گریز کریں۔ البتہ اگر کسی کو فوری خطرہ لاحق ہو تو نرمی سے خبردار کریں یا جم کے تربیت یافتہ ٹرینر کو آگاہ کریں۔
توجہ حاصل کرنے کے لیے وزن زور سے نہ پٹخیں
بھاری وزن اٹھانے کے بعد اسے محفوظ انداز میں نیچے رکھنا اور بات ہے، لیکن لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ڈمبل یا دوسرے وزن بار بار فرش پر پٹخنا مناسب نہیں۔
اس سے قریب موجود افراد چونک سکتے ہیں، ان کی توجہ بٹ سکتی ہے اور مشینوں، فرش یا دوسرے سامان کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اگر کوئی شخص قریب کھڑا ہو تو اسے چوٹ لگنے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔
اس لیے اپنی طاقت کے مطابق وزن منتخب کریں، اسے قابو میں رکھ کر استعمال کریں اور جم کے اصولوں پر عمل کریں۔
اجازت کے بغیر دوسروں کی ویڈیو نہ بنائیں
پانچویں غلطی یہ ہے کہ آج کل لوگ اپنی ویڈیو بناتے ہوئے دوسرے لوگوں کی پرائیویسی کا خیال نہیں رکھتے۔ جیم میں موجود دوسرے لوگ اپنی مرضی سے آپ کی ویڈیو کا حصہ نہیں بننا چاہتے،
کسی شخص کو یہ پسند نہیں ہو سکتا کہ اس کا چہرہ یا جسم سوشل میڈیا پر دکھایا جائے، چاہے وہ ویڈیو کے پس منظر ہی میں کیوں نہ نظر آ رہا ہو۔
اگر آپ اپنی ورزش ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں تو کیمرہ سیٹ کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ پس منظر میں دوسرے افراد محفوظ رہیں۔
یہ نہ بھولیں کہ جم سب کے لیے مشترکہ جگہ ہے
جم میں ورزش کرتے ہوئے اپنے اردگرد موجود لوگوں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ اپنے سامان کو راستے میں پھیلانا، آئینے کے بالکل سامنے کھڑے ہو کر دوسروں کا راستہ روکنا یا مشین کے پاس کھڑے ہو کر لمبی باتیں کرنا نامناسب رویہ ہے۔ اپنے اردگرد کے ماحول کا خیال رکھیں اور دوسروں کو بھی سکون سے ورزش کرنے کا موقع دیں۔
جم میں ہر شخص ورزش کرنے اور اپنی صحت بہتر بنانے کے لیے آتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ لوگ ایک دوسرے کی جگہ، وقت اور نجی زندگی کا احترام کریں۔ چھوٹی چھوٹی احتیاطیں اپنانے سے جم کا ماحول سب کے لیے زیادہ آرام دہ اور خوشگوار بنایا جا سکتا ہے۔
























