مشہور بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے پاکستان اور یہاں کے لوگوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ سمجھ نہیں اتا کہ آخر بھارتیوں کو پاکستان کے مسلمان کیوں برے لگتے ہیں جبکہ وہی لوگ دبئی کے مسلمانوں کو بہت پسند کرتے ہیں۔

میکا سنگھ نے ’باتیں دل سے ود نویکا کمار‘ پوڈکاسٹ میں پاکستان سے اپنے تعلق اور 2019 کے دورے کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور وہاں کے لوگ برے نہیں ہیں اور اپنے دورے کے دوران انہیں وہاں کے لوگوں سے اچھا برتاؤ ملا تھا۔

گلوکار نے پاکستان میں سکھوں کے مذہبی مقامات کے حوالے سے بھی بتایا کہ جب وہ پاکستان گئے تو انہوں نے دیکھا کہ وہاں بہت سے مسلمان بھائی سکھ مذہب کے مقدس مقامات یعنی گوردواروں کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی میں دل و جان سے مدد کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب سمیت سکھ برادری کے اہم مذہبی مقامات موجود ہیں، جس کی وجہ سے ان کے لیے پاکستان کی ایک خاص اہمیت ہے۔

پاکستانی فنکاروں اور پاکستان میں پرفارم کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گلوکار کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی گلوکاروں کے بھارت آنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور بولی ووڈ بھی ان کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتا ہے۔

میکا کے مطابق اگر کوئی فنکار نجی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان جاتا ہے، وہاں پرفارم کرتا ہے اور واپس آجاتا ہے تو اسے لازمی طور پر سیاسی معاملہ نہیں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اس لیے بھی گئے تھے کیونکہ وہاں سکھ مذہب کے اہم مقامات جیسے ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب موجود ہیں۔

میکا کے مطابق جب انہیں پاکستان میں پرفارم کرنے کی دعوت ملی تو انہیں محسوس ہوا کہ شاید اس کے ذریعے انہیں گوردوارے جانے کا موقع ملے گا۔

یاد رہے کہ میکا سنگھ کا پاکستان سے تعلق اس وقت بھی خبروں میں آیا تھا جب انہوں نے اگست 2019 میں کراچی میں ایک شادی کی تقریب میں پرفارم کیا تھا۔

اس وقت بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باعث ان کی پرفارمنس پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

بھارتی فلمی تنظیموں نے میکا سنگھ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ بعد میں میکا نے معافی مانگی، جس کے بعد ان پر عائد پابندی ختم کردی گئی تھی۔

More

Comments
1000 characters