پاکستان کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے شوبز انڈسٹری کے موجودہ ماحول پر کھل کر بات کرتے ہوئے نوجوان فنکاروں کے رویوں اور شوٹنگ کے دوران وقت کی پابندی نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کے احترام کی روایت کم ہوتی جارہی ہے اور جو اداکار جتنا زیادہ نخرے دکھاتا اور بدتمیزی کرتا ہے، اسے اتنی ہی زیادہ کامیابی اور مقبولیت ملتی ہے۔

غزالہ جاوید نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے فنی سفر، پی ٹی وی کے سنہری دور اور موجودہ شوبز انڈسٹری کے بدلتے ہوئے رجحانات پر اظہار خیال کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ انڈسٹری کا ماحول کافی تبدیل ہوچکا ہے اور نوجوان فنکاروں میں سینئرز کے لیے پہلے جیسا احترام دکھائی نہیں دیتا۔ یہی رویہ ان وجوہات میں شامل ہے جن کی وجہ سے انہوں نے شوبز میں کام کرنا تقریباً چھوڑ دیا ہے۔

غزالہ جاوید کے مطابق اب وہ صرف ان پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں جہاں کام کرنے والے افراد کا رویہ اچھا ہو اور ٹی وی چینلز بھی فنکاروں کے ساتھ تعاون کریں بصورتِ دیگر انہوں نے کام کم کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کام کی جگہ پر عزت اور احترام نہ ہو تو صرف کام کی خاطر ایسے ماحول کا حصہ بننا مشکل ہوجاتا ہے۔

غزالہ جاوید نے نوجوان اداکاروں کے رویوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ایسے فنکاروں کے نخرے بھی برداشت کیے جاتے ہیں جو اپنے کام کے ساتھ مخلص نہیں ہوتے۔ ان کے بقول موجودہ حالات میں جتنا زیادہ کوئی اداکار مغرور اور بدتمیز ہوگا، اتنا ہی زیادہ اسے کامیاب سمجھا جائے گا، چاہے وہ اپنے فن کے ساتھ سنجیدہ نہ بھی ہو۔

اداکارہ نے شوٹنگ کے دوران وقت کی پابندی نہ ہونے کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر فنکار مقررہ وقت پر سیٹ پر پہنچ جاتے ہیں ۔ وہ خود بھی کوشش کرتی ہیں کہ ان کی وجہ سے کسی دوسرے شخص، حتیٰ کہ ڈرائیور کو بھی انتظار نہ کرنا پڑے، لیکن اس کے برعکس بعض مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار وقت پر شوٹنگ کے لیے نہیں پہنچتے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات سینئر اداکاروں کو مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکاروں کا گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے اور یہ انتظار دوپہر چار بجے تک بھی جاری رہتا ہے۔ ان کے مطابق ان کی کئی ساتھی اداکارائیں بھی مرکزی فنکاروں کی تاخیر سے پریشان ہیں۔

غزالہ جاوید کا کہنا تھا کہ اگر پروڈکشن ہاؤسز وقت کی پابندی کے معاملے میں سختی کریں تو اس طرح کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق کئی مرتبہ پروڈکشن ٹیم اور معاون فنکار شوٹنگ کے لیے موجود ہوتے ہیں، لیکن ڈرامے کے مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار سیٹ پر نہیں پہنچتے، جس سے پورا شیڈول متاثر ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ غزالہ جاوید پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ڈراموں اور کامیڈی پروگراموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔ وہ معروف کامیڈین معین اختر کے ساتھ پی ٹی وی کے مشہور کامیڈی پروگرام ’سچ مچ‘ میں بھی کام کرچکی ہیں، جہاں ان کی جوڑی کو ناظرین کی جانب سے پسند کیا گیا تھا۔

More

Comments
1000 characters