فلپائن کی اینیمیٹڈ فلم ’ایلا آرکینجل: دی بیلڈ آف ٹوتھ اینڈ کلا‘ نے 14ویں کیوسینیما انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں دو بڑے ایوارڈ جیت کر ملک کی فلمی صنعت کے لیے اہم اعزاز حاصل کرلیا۔
ہدایت کار مرون مالونزو کی اس فلم کو گرینڈ جیوری پرائز اور آرٹسٹک اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ دوسرا ایوارڈ اینیمیشن میں فنی مہارت کے اعتراف میں دیا گیا۔
فلپائنی فلم اس فیسٹیول کے ایشین نیکسٹ ویو مقابلے میں شامل آٹھ فلموں میں واحد مقامی فلم تھی۔
فلم کی کہانی 12 سالہ لڑکی ایلا کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے غریب آبادی والے محلے کو ظالم انسانوں اور خوفناک عفریتوں سے بچانے کے لیے کالے جادو کا سہارا لیتی ہے۔
یہ فلم جولیس ولا نوئیوا کے اسی نام کے فلپائنی ہارر فینٹسی کامک سلسلے پر مبنی ہے۔ فلم میں مرکزی کردار کو آواز اداکارہ بیانکا اومالی نے دی ہے، جب کہ فلم کی ٹیم نے تقریب میں دونوں ایوارڈز وصول کیے۔
اسی مقابلے میں چینی فلم ساز زو جِنگ کی فلم ’اے گرل اَن نون‘ نے بہترین فلم اور بہترین اسکرین پلے کے ایوارڈز جیتے، جب کہ ویتنامی فلم ساز لے باؤ کو بہترین ہدایت کار قرار دیا گیا۔
کیوسینیما انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 13 سے 22 نومبر تک فلپائن کے شہر کوئزون سٹی میں جاری ہے، جس میں مختلف شعبوں کے تحت مجموعی طور پر 82 فلمیں پیش کی جارہی ہیں۔
























