غیرت کے نام پر قتل کی مبینہ تشہیر، نئے پاکستانی ڈرامے کے ٹیزر پر ناظرین برہم
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نئے ڈرامے ’رسوا تیرے عشق میں‘ کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بن گیا ہے۔ ٹیزر میں دکھائے گئے قتل کے منظر پر ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف تشدد کی تشہیر قرار دیا ہے۔
ڈرامے کی مختصر جھلک میں اداکار اذان سمیع خان کو ایک خاتون کے آگ کی لپیٹ میں ہونے کے دوران وہاں سے پراعتماد انداز میں چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں خاتون کی چیخیں بھی سنائی دیتی ہیں۔
اس منظر نے ناظرین کو خاصا مشتعل کردیا ہے، کیونکہ ان کے مطابق کہانی میں خاتون کے ساتھ ہونے والے اس سنگین تشدد کے مقابلے میں مرد کردار کو مرکزی اور نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ٹیزر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد صارفین نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو تشدد اور غیرت کے نام پر قتل جیسے سنگین جرائم کا سامنا ہے، وہاں ٹی وی ڈراموں میں اس طرح کے مناظر دکھانے کی کیا ضرورت ہے؟
صارفین نے ڈرامے کے ٹیزر پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف تشدد جیسے سنگین مسئلے کے حوالے سے غیر حساس رویہ قرار دیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ،غیرت کے نام پر قتل کے بعد ایک نوجوان لڑکی کو آگ میں جلتا دکھانا اور پھر اس کے قاتل، یعنی سگے بھائی کو ہمدردی اور شاعرانہ انداز میں پیش کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ جرم کرنے کے باوجود اسے کہانی کا ہیرو بنا دیا گیا ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ،افسوس، دیسی معاشرہ اسکرین پر خواتین کے خلاف تشدد کے معاملے میں اتنا بے حس کب ہوگیا؟
ایک اور صارف نے اپنی رائے پیش کی کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کو معمول بنانے میں ڈرامہ انڈسٹری کے تمام افراد ذمہ دار ہیں۔ عورتوں کے خلاف نفرت کو ہوا دینے والی سوچ ہی آگے چل کر غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کو معمول بنا دیتی ہے۔
اور صارف نے لکھا کہ، حساس موضوعات پر ڈرامے بنانے کا مقصد آگاہی ہونا چاہیے، نہ کہ ازدواجی زیادتی اور غیرت کے نام پر قتل جیسے سنگین جرائم کو تفریح اور کاروبار کا ذریعہ بنانا۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف تشدد کا منظر دکھانا نہیں بلکہ اسے پس منظر میں موسیقی اور ہیرو جیسے انداز کے ساتھ پیش کرنا بھی ہے، جس سے مجرم کردار کو غیر ضروری طور پر پرکشش یا قابلِ قبول دکھائے جانے کا تاثر ملتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات مسلسل تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
قانون کے تحت غیرت کے نام پر قتل ایک سنگین جرم ہے، جس کی سزا عمر قید بھی ہوسکتی ہے۔ سماجی حلقوں کا مؤقف ہے کہ تفریحی پروگراموں اور ڈراموں میں ایسے حساس موضوعات کو پیش کرتے وقت خاص احتیاط کی ضرورت ہے، کیونکہ ان کے ذریعے معاشرے میں خواتین کے خلاف تشدد کے بارے میں لوگوں کی سوچ متاثر ہوسکتی ہے۔
’رسوا تیرے عشق میں‘ کی کاسٹ میں اذان سمیع خان کے ساتھ اداکارہ عینا آصف اور سدرہ نیازی بھی شامل ہیں۔
ٹیزر کے ساتھ جاری پیغام میں مرکزی کردار کو ایسے شخص کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے جس نے اپنے دل کے گرد دیواریں کھڑی کرلی ہیں اور محبت سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
























