بولی ووڈ کے سینئر اداکار شرد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ لوگوں نے مالی مدد کے بہانے ان کے ہاتھ میں نقد رقم تھمائی، ویڈیو بنائی اور کیمرہ بند ہوتے ہی وہ پیسے واپس لے لیے۔

شرد کپور نے ایک ویڈیو پیغام میں اس رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ لوگ ان کی مجبوری کا اس طرح تماشہ کیوں بنا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر بعض عناصر جھوٹا تاثر پھیلا رہے ہیں کہ انہوں نے اداکار کی مالی معاونت کی ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ان سے کوئی بات کرنی ہے یا مدد کے حوالے سے رابطہ کرنا ہے تو وہ براہِ راست پیغام بھیج سکتا ہے یا ان کی دوست ہیما سے بات کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑ لیں گے تاکہ کوئی ان کی مجبوری کو تشہیر کا ذریعہ نہ بنائے۔

شرد کپور کی قریبی دوست ہیما چوہدری نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں اداکار کی موجودہ حالت اور ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر تشویش ظاہر کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیما ممبئی میں قائم ایک فلاحی تنظیم کی بانی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شرد کپور کی طبیعت کافی خراب ہے جس کی وجہ سے وہ نہ تو زیادہ دیر تک بات کر سکتے ہیں اور نہ ہی بعض اوقات اپنی بات مکمل طور پر سمجھا پاتے ہیں۔

ہیما کے مطابق اداکار کی مدد کے لیے سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی، جس کے بعد فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد ان سے ملنے بھی آئے، لیکن کسی نے مالی مدد کے لیے ہاتھ نہیں بڑھایا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بعض افراد شرد کپور کو کھانے پر لے جانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گئے۔ اس دوران ایک شخص نے انہیں کچھ نقد رقم دی، ویڈیو بنائی اور بعد میں وہ رقم واپس لے لی۔ ہیما کے مطابق یہ ہمدردی نہیں بلکہ محض سستی شہرت اور سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانے کا ایک بھونڈا طریقہ ہے۔

ہیما چوہدری نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ اداکار کی بیماری اور پریشانی کو اپنی تشہیر کے لیے استعمال نہ کیا جائے بلکہ انہیں سکون سے زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے۔

ان کے مطابق شرد کپور کو اس وقت سب سے زیادہ طبی دیکھ بھال اور مناسب توجہ کی ضرورت ہے، جس کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شرد کپور نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرکے فلمی صنعت کے ساتھیوں اور سینئر اداکاروں سے مدد کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے مالی مسائل پر قابو پاسکیں۔

اداکار نے بتایا تھا کہ 2024 میں ان کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج ہونے کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے۔ ممبئی پولیس نے ایک 32 سالہ اداکارہ اور پروڈیوسر کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

شرد کپور کے مطابق وہ گزشتہ دو سے تین سال سے بستر پر ہیں اور انہیں مالی، اخلاقی اور ذہنی تعاون کی ضرورت ہے۔ اب وہ دوبارہ اپنے کام کا آغاز کرکے زندگی معمول پر لانا چاہتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters