بولی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے اپنی پیشہ ورانہ اور گھریلو زندگی میں توازن قائم رکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شوہر وکی کوشل کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وکی ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیتے ہیں اور کام کی مصروفیات کے دوران انہیں ذہنی سکون اور وقفہ لینے کی یاد دہانی بھی کراتے رہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف ان دنوں اداکاری کے ساتھ اپنے بیوٹی برانڈ ’کے بیوٹی‘ کے کاروبار پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ماں بننے کے بعد اپنی نئی ذمہ داریوں سے بھی ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ایک انٹرویو میں کترینہ نے کاروبار، فلمی مصروفیات اور گھریلو زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے لیے کام سے خود کو الگ کرنا آسان نہیں، یہاں تک کہ چھٹی کے دن بھی اکثر کام کی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔

۔

کترینہ نے بتایا کہ وہ اپنے کاروبار کے حوالے سے اس قدر پُرجوش رہتی ہیں کہ کام کے اوقات کا خیال نہیں رکھتیں اور ہفتے کے اختتام پر بھی مصروف رہتی ہیں۔ ایسے میں ان کے شوہر اور اداکار وکی کوشل انہیں یاد دلاتے رہتے ہیں کہ وہ اپنا فون نیچے رکھ دیں اور کچھ دیر آرام کر لیں۔

اداکارہ نے وکی کو اپنی بے چینی کا سکون قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی زندگی میں توازن قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انٹرویو میں کترینہ کیف نے کاروبار کے تقاضوں اور متعدد ذمہ داریوں میں توازن برقرار رکھنے کے چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ وکی کوشل کو انتہائی معاون قرار دیتے ہوئے کترینہ نے انہیں اپنی افراتفری اور بے چینی میں سکون کا باعث قرار دیا۔

کترینہ کے مطابق جب انسان کسی کام سے محبت کرتا ہے تو اسے وقت گزرنے کا احساس نہیں رہتا اور بعض اوقات اتوار کے روز بھی کام پر گفتگو جاری رہتی ہے۔

کترینہ کا کہنا تھا کہ کاروبار میں کامیابی کے لیے اپنے کام پر یقین اور اس سے لگاؤ بہت ضروری ہے، کیونکہ یہی جذبہ مشکلات اور ناکامیوں کے باوجود آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداکارہ، کاروباری شخصیت، بیوی اور ماں کی ذمہ داریاں ایک ساتھ نبھانا آسان نہیں، اس لیے خود سے یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ ہر کام ابتدا ہی سے بہترین انداز میں انجام دیا جائے گا۔

ان کے مطابق انسان کو خود کے ساتھ نرمی برتنی چاہیے اور نئی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور ان کے مطابق زندگی ڈھالنے کے لیے وقت دینا چاہیے۔ اگر کبھی حالات قابو سے باہر محسوس ہوں یا تمام کام ایک ساتھ سنبھالنا مشکل ہو جائے تو خود کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے صبر سے کام لینا چاہیے۔

کترینہ کیف اور وکی کوشل دسمبر 2021 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ دونوں کے ہاں نومبر 2025 میں بیٹے ویہان کی پیدائش ہوئی۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں کترینہ نے ماں بننے کے بعد خواتین سے متعلق اس توقع پر بھی بات کی تھی کہ انہیں بچے کی پیدائش کے فوراً بعد پہلے جیسی جسمانی حالت میں واپس آ جانا چاہیے۔

اداکارہ نے اس تصور سے اختلاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں ایک ایسا خوبصورت قدم آگے بڑھا چکی ہیں جس کی خواہش ان کے دل میں بہت عرصے سے تھی، تو پھر انہیں پیچھے جانے کی ضرورت کیوں محسوس ہونی چاہیے؟

انہوں نے بطور والد وکی کوشل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کام کی طویل مصروفیات کے باوجود بیٹے ویہان اور ان کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے پوری توجہ دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف آخری بار 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میری کرسمس‘ میں اداکار وجے سیتھوپتی کے ساتھ نظر آئی تھیں۔

More

Comments
1000 characters