دنیا بھر میں فٹ بال کے شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو اب ایک نئے روپ میں سامنے آنے والے ہیں۔ پرتگال کے اسٹار فٹ بالر نے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے اپنی پہلی سیریز ’ڈے ونز‘ کی تیاری شروع کردی ہے، جس میں وہ خود بھی نظر آئیں گے۔

’ای ایس پی این‘ انڈیا کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے انسٹاگرام پر سیریز کی تیاری شروع ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے پہلے ٹی وی شو کی پروڈکشن شروع ہوگئی ہے اور مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔

اس سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ رونالڈو صرف اس کے پروڈیوسر ہی نہیں بلکہ کہانی میں اپنے حقیقی روپ میں بھی دکھائی دیں گے۔

سیریز میں برطانوی اداکار ڈیمین لیوس فٹ بال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار نبھائیں گے، جسے فٹ بال کی دنیا میں کھلاڑیوں کی منتقلی اور بڑے معاہدوں جیسے معاملات سے نمٹنا ہوگا۔

کہانی میں فٹ بال کے میدان سے ہٹ کر اس کھیل کی کاروباری دنیا بھی دکھائی جائے گی، جہاں بڑے کھلاڑیوں کی منتقلی، معاہدوں اور اہم فیصلوں کے پیچھے ہونے والی سرگرمیاں موضوع ہوں گی۔

سیریز میں برطانوی ریپر ڈیو بھی شامل ہیں، جب کہ فرانس کے سابق فٹ بال اسٹار تھیری ہنری بھی اپنے حقیقی روپ میں دکھائی دیں گے۔ رونالڈو کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں ڈیمین لیوس اور ڈیو بھی نظر آئے۔

’ڈے ونز‘ کو رونالڈو اور برطانوی فلم ساز میتھیو وان کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی یو آر مارو اسٹوڈیوز تیار کر رہی ہے۔ دونوں نے 2025 میں فلم اور ٹیلی ویژن کے شعبے میں کام کرنے کے لیے یہ کمپنی قائم کی تھی۔

’ڈے ونز‘ ایک فرضی ڈراما سیریز ہے، جس کی کہانی برطانوی فٹ بال کی دنیا میں ہونے والی سرگرمیوں کے گرد گھومتی ہے۔ اس میں کھلاڑیوں کی ایک کلب سے دوسرے کلب منتقلی، بھاری معاہدوں اور فٹ بال ایجنٹس کے درمیان مفادات کی کشمکش دکھائی جائے گی۔

کہانی کا مرکزی کردار اسٹینلے ڈالٹن ایک بااثر فٹ بال ایجنٹ ہے، جسے اس کاروبار کے پیچیدہ معاملات اور بڑے فیصلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سیریز میں فٹ بال کے میچوں کے بجائے اس کھیل کے پیچھے چلنے والی کاروباری دنیا کو پیش کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ اور دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

More

Comments
1000 characters