'کوچیلا 2027' میں میڈونا کی واپسی، مرکزی فنکار کون ہوں گے؟
دنیا کے بڑے میوزک فیسٹیولز میں شمار ہونے والے امریکی فیسٹیول ”کوچیلا 2027“ کے فنکاروں کی فہرست سامنے آگئی ہے، لیکن اس بار سب سے زیادہ توجہ پاپ موسیقی کی عالمی سپر اسٹار میڈونا کی واپسی نے حاصل کی ہے۔ اس بار میڈونا مرکزی اسٹیج کے بجائے ڈانس میوزک ٹینٹ میں پرفارم کریں گی، جبکہ دعا لیپا، ٹیم امپالا اور سیزا میلے کے مرکزی فنکاروں میں شامل ہیں۔
کوچیلا میوزک اینڈ آرٹس فیسٹیول ہر سال امریکی ریاست کیلیفورنیا کے صحرائی علاقے انڈیو میں منعقد ہوتا ہے۔ 1999 میں شروع ہونے والا یہ میلہ اب دنیا کے معروف ترین موسیقی اور آرٹ فیسٹیولز میں شمار ہوتا ہے، جہاں عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں، بینڈز اور ڈی جیز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پرفارم کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں صرف موسیقی ہی نہیں بلکہ آرٹ، فیشن اور ثقافتی سرگرمیاں بھی شائقین کی توجہ حاصل کرتی ہیں۔
کوچیلا 2027 کا انعقاد 9 سے 11 اپریل اور 16 سے 18 اپریل تک ہوگا۔ دونوں ویک اینڈز میں فنکاروں کی تقریباً ایک جیسی فہرست پیش کی جائے گی، جس میں پاپ، راک، ریپ، آر اینڈ بی اور الیکٹرانک ڈانس میوزک کے بڑے نام شامل ہیں۔
ڈانس ٹینٹ میں میڈونا کی واپسی نے سب کو حیران کردیا
کوچیلا 2027 کی فہرست میں میڈونا کی شمولیت سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث بن رہی ہے۔ پاپ موسیقی کی اس عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ کو ڈانس میوزک ٹینٹ میں پرفارم کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جسے ان کی کلب میوزک سے پرانی وابستگی کی جانب واپسی کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
میڈونا کی موسیقی میں ڈانس اور کلب کلچر ہمیشہ اہم رہے ہیں، اسی لیے ان کی اس پرفارمنس کو ایک خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کی واپسی اس لحاظ سے بھی قابلِ ذکر ہے کہ وہ گزشتہ سال کوچیلا میں سبرینا کارپنٹر کی پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر نظر آئی تھیں۔ تاہم 2027 میں وہ باقاعدہ طور پر اپنے شو کے ساتھ فیسٹیول کا حصہ ہوں گی۔
میڈونا کی موجودگی نے اس بار کوچیلا کی فہرست کو ایک منفرد پہلو دیا ہے، جہاں ان کی پرفارمنس کو میلے کی بڑی کشش قرار دیا جا رہا ہے۔
دعا لیپا، ٹیم امپالا اور سیزا مرکزی فنکار ہوں گے
کوچیلا 2027 کے مرکزی ہیڈ لائنرز میں برطانوی گلوکارہ دعا لیپا، آسٹریلوی میوزک پروجیکٹ ٹیم امپالا اور امریکی گلوکارہ سیزا شامل ہیں۔
فیسٹیول کے پہلے روز، جمعہ 9 اور 16 اپریل کو دعا لیپا پرفارم کریں گی۔ ان کے مشہور گانے ’لیویٹیٹنگ‘ اور ’ڈونٹ اسٹارٹ ناؤ‘ دنیا بھر میں مقبول ہیں، جس کی وجہ سے ان کی پرفارمنس شائقین کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
ہفتے کے روز، 10 اور 17 اپریل کو ٹیم امپالا اسٹیج سنبھالے گا۔ موسیقار کیون پارکر کی قیادت میں کام کرنے والا یہ میوزک پروجیکٹ اپنی سائیکیڈیلک پاپ موسیقی اور منفرد لائٹ شوز کے لیے جانا جاتا ہے۔
اتوار 11 اور 18 اپریل کو سیزا میلے کی اختتامی پرفارمنس دیں گی۔ آر اینڈ بی موسیقی کی نمایاں گلوکارہ سیزا کو موجودہ دور کی اہم موسیقاروں میں شمار کیا جاتا ہے، جن کی پرفارمنس کے ساتھ فیسٹیول کا اختتام ہوگا۔
کوچیلا کی فہرست میں ایک اور ایسا نام شامل ہے جس کی اہمیت سے میوز لوور اچھی طرح واقف ہیں۔ ریگیٹن موسیقی کے معروف فنکار ڈیڈی یانکی بھی 2027 کے میلے میں پرفارم کریں گے۔
ڈیڈی یانکی کو ان کے عالمی شہرت یافتہ گانے ’گاسولینا‘ کے باعث دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ ان کی موسیقی نے ریگیٹن کو عالمی سطح پر مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا، اسی لیے ان کی شمولیت کو بھی فیسٹیول کی نمایاں باتوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ڈسکو کے لیجنڈ سے نوجوان راک بینڈز تک، موسیقی کی کئی نسلیں ایک ساتھ
کوچیلا 2027 کی فہرست میں صرف موجودہ دور کے مقبول فنکار ہی شامل نہیں بلکہ موسیقی کی پرانی نسل کے اہم نام بھی موجود ہیں۔ ان میں جیورجیو مورودر خاص اہمیت رکھتے ہیں، جنہیں ڈسکو موسیقی کے اہم ناموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
جیورجیو مورودر نے ڈسکو اور الیکٹرانک موسیقی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور معروف میوزک گروپ ڈافٹ پنک کے ساتھ بھی کام کیا۔ ان کی شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کوچیلا میں موسیقی کے مختلف ادوار اور انداز کو یکجا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ڈانس اور الیکٹرانک موسیقی کے شائقین کے لیے بھی فیسٹیول میں خاصی سرگرمیاں ہوں گی۔ پیگی گو، ڈوم ڈولا، امیلی لینز، سولومن، فور ٹیٹ اور ٹیئسٹو جیسے معروف ڈی جیز بھی مختلف پرفارمنسز پیش کریں گے۔
راک موسیقی کے شعبے میں سوشل ڈسٹورشن، دی ڈیمنڈ اور پینی وائز جیسے پنک راک بینڈز شامل ہیں۔ دوسری جانب نوجوان راک بینڈ ٹوئسٹڈ ٹینز بھی فہرست کا حصہ ہے، جسے موجودہ دور کے ابھرتے ہوئے راک بینڈز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ گلوکارہ فوبی برجرز، ریپر ڈان ٹولیور، زارا لارسن، اسٹیو لیسی، ویزر اور ایمپائر آف دی سن بھی فیسٹیول میں پرفارم کریں گے۔ ریپ موسیقی میں برطانوی فنکار ایس ڈی کیڈ اور امریکی ریپر فریڈی گبز بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
کوچیلا 2027 میں کیا خاص ہے؟
کوچیلا 2027 کی فہرست میں میڈونا کی واپسی، ڈیڈی یانکی کی شمولیت اور جیورجیو مورودر جیسے لیجنڈ کی موجودگی نے اس بار کے میلے کو خاصا دلچسپ بنا دیا ہے۔
یہ فیسٹیول ایک طرف دعا لیپا اور سیزا جیسے موجودہ دور کے مقبول فنکاروں کو نمایاں کرتا ہے، تو دوسری جانب میڈونا اور جیورجیو مورودر جیسے ناموں کے ذریعے موسیقی کی پرانی نسل کو بھی جگہ دیتا ہے۔ نوجوان راک بینڈز اور نئے فنکاروں کی شمولیت اس فہرست کو مزید رنگا رنگ بناتی ہے۔
کوچیلا 2027 محض بڑے ناموں کی فہرست نہیں بلکہ موسیقی کے مختلف انداز اور نسلوں کو ایک جگہ جمع کرنے کی کوشش بھی ہے، جس میں میڈونا کی ڈانس ٹینٹ پرفارمنس سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والے لمحات میں شامل ہوسکتی ہے۔
























