ڈیجیٹل دور میں جہاں نوجوانوں کی زندگی کا بڑا حصہ اسکرینوں تک محدود ہوتا جا رہا ہے، وہیں نئی نسل میں قدیم رسم و رواج، لوک کہانیوں، توہمات اور فطرت سے جڑی روایات میں دل چسپی بھی بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس رجحان کے پیچھے لوگوں سے تعلق، روحانی تجربات اور قدرتی ماحول سے دوبارہ جڑنے کی خواہش اہم عوامل ہیں۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں لوک ثقافت پر ہونے والے ایک جامع سروے میں سامنے آیا ہے کہ نوجوان نسل قدیم روایات کو محض ماضی کی یادگار نہیں سمجھتی بل کہ انہیں اپنی روزمرہ زندگی اور سماجی میل جول کا حصہ بنا رہی ہے۔

شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی کے سینٹر فار کنٹیمپریری لیجنڈ کی جانب سے کیے گئے اس دو سالہ سروے میں تقریباً 2 ہزار افراد نے حصہ لیا۔ محققین کے مطابق یہ انگلینڈ میں موجودہ دور کی لوک ثقافت کی اب تک کی جامع ترین تحقیقات میں سے ایک ہے۔

سروے میں شامل تقریباً ایک تہائی افراد کا خیال تھا کہ بھوتوں کا وجود ہے، جب کہ نوجوان عمر کے افراد میں سازشی نظریات، جنات اور بددعاؤں پر یقین رکھنے کا رجحان بڑی عمر کے افراد کے مقابلے میں تقریباً دو گنا زیادہ پایا گیا۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ 16 سے 24 سال کی عمر کے تقریباً نصف افراد کا خیال ہے کہ شہزادی ڈیانا کی موت کسی سازش کا نتیجہ تھی، حالاں کہ ان میں سے بہت سے افراد 1997 میں ان کی موت کے وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔

ماہرین کے مطابق لوک روایات صرف بھوتوں، جادو یا غیر معمولی واقعات پر یقین رکھنے تک محدود نہیں بل کہ روزمرہ زندگی کے کئی معمولات بھی اسی ثقافت کا حصہ ہیں۔

مثال کے طور پر نظر آنے والی کالی چڑیا کو دیکھ کر مخصوص الفاظ کہنا، راستے میں پڑا سکہ اٹھانا، کسی خواہش کے لیے لکڑی کو چھونا یا سالگرہ کے کیک پر موم بتیاں بجھانا بھی ایسی روایات میں شامل ہیں۔

سروے کے مطابق 51 فی صد افراد کالی چڑیا دیکھنے پر کوئی نہ کوئی روایتی عمل کرتے ہیں، جس میں اسے سلام کرنا، اس سے بات کرنا یا تھوکنا شامل ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ لوک ثقافت میں وہ کہانیاں، عقائد، دست کاریاں، رقص، گیت اور روایات شامل ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوتی ہیں اور وقت کے ساتھ اپنی شکل بھی بدلتی رہتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق کورونا وبا کے بعد نوجوانوں میں لوگوں سے براہِ راست ملنے اور اپنی کمیونٹی سے تعلق قائم کرنے کی خواہش بڑھی ہے۔ لوک روایات انہیں روایتی ہنر سیکھنے، مقامی تقریبات میں شرکت کرنے اور مختلف نسلوں کے افراد سے رابطہ قائم کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

سوشل میڈیا نے بھی اس رجحان کو فروغ دیا ہے۔ نوجوان آن لائن پلیٹ فارمز پر جادوئی روایات، شہری داستانوں اور قدیم عقائد سے متعلق مواد دیکھتے اور اس پر تبادلہ خیال کرتے ہیں، تاہم یہی سرگرمیاں انہیں اسکرینوں سے دور ہوکر حقیقی دنیا میں لوگوں سے ملنے کی طرف بھی راغب کرتی ہیں۔

محققین کے مطابق یہ سرگرمیاں نوجوانوں کو بڑھتی ہوئی تنہائی اور سماجی دوری کے احساس سے نکلنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ منظم مذہبی اداروں سے ہٹ کر روحانی تجربات کی تلاش بھی اس رجحان کی ایک وجہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ کی حالیہ مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق شمن ازم ملک میں تیزی سے بڑھنے والے عقائد میں شامل ہے۔

جنوبی لندن میں قائم لوک کلب سے وابستہ ایلزبتھ بیلی کے مطابق ماحولیاتی بحران اور قدرتی دنیا سے دوبارہ تعلق قائم کرنے کی خواہش نے بھی قدیم روایات میں دل چسپی بڑھائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قومی بحران کے ادوار میں لوک روایات دوبارہ مقبول ہوتی ہیں، کیونکہ ان کا بنیادی تعلق لوگوں کو اکٹھا کرنے اور فطرت سے جوڑنے سے ہے۔

ماہرین کے مطابق نئی نسل ان روایات کو جوں کا توں اپنانے کے بجائے ان میں تبدیلی بھی کر رہی ہے تاکہ انہیں زیادہ جامع اور سب کے لیے قابلِ قبول بنایا جاسکے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں لوک ثقافت کی نئی لہر میں خواتین اور مختلف سماجی گروہوں کی شرکت بھی بڑھی ہے۔ مثال کے طور پر مورس ڈانس، جو ماضی میں زیادہ تر مردوں تک محدود تھا، اب خواتین اور مختلف شناختوں سے تعلق رکھنے والے گروہوں میں بھی مقبول ہو رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لوک روایات کسی ایک قوم یا طبقے تک محدود نہیں ہوتیں بل کہ مختلف معاشروں کے میل جول سے تشکیل پاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نئی نسل انہیں اپنے دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھال رہی ہے۔

محققین کے مطابق موجودہ رجحان محض ماضی کی طرف واپسی نہیں بل کہ نئی روایات تخلیق کرنے کا عمل بھی ہے، جس میں نوجوان اپنی سماجی شناخت، باہمی تعلق اور قدرتی ماحول سے قربت کے لیے قدیم ثقافت کے عناصر اپنا رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters