بولی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے چھوٹے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رامولا بچن نے ممبئی میں واقع ان کی مشہور رہائش گاہ ’جلسہ‘ کی ملکیت جیا بچن کے نام منتقل کیے جانے سے متعلق 1993 کی تحفے کی دستاویز کو باقاعدہ طور پر چیلنج کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رامولا بچن نے گزشتہ سات مہینوں کے دوران پراپرٹی رجسٹریشن کے متعلقہ محکموں میں کئی درخواستیں دائر کی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تقریباً تین دہائیاں قبل ہونے والی اس منتقلی سے انہیں مکمل طور پر لاعلم رکھا گیا تھا اور اس سلسلے میں ان کی رضامندی بھی حاصل نہیں کی گئی تھی۔
دستاویزات کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 1993 میں ایک گفٹ ڈیڈ یعنی تحفے کے معاہدے کے تحت یہ بنگلہ جیا بچن کے نام کیا گیا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سرکاری اراضی ریکارڈ یعنی پراپرٹی کارڈ میں آج بھی رامولا بچن کا نام شریک مالک کے طور پر درج ہے، جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ میں جیا بچن کو بنگلے کی مالک بتایا گیا ہے۔
رامولا بچن نے جائیداد کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والے کاغذات کی قانونی حیثیت پر بھی سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
ان کی شکایت کے مطابق یہ تحفہ نامہ ایک عام سادہ کاغذ پر لکھا گیا تھا، جس پر نہ تو سرکاری اسٹامپ ڈیوٹی جمع کروائی گئی اور نہ ہی کسی گواہ کے دستخط لیے گئے۔
مزید برآں، انہوں نے اس دستاویز کی بعد میں ہونے والی رجسٹریشن اور مہاراشٹر حکومت کی ’ابھے یوجنا‘ اسکیم کے ذریعے اسے قانونی تحفظ دیے جانے کے طریقہ کار کو بھی مشکوک قرار دیا ہے۔
یہ معاملہ اب باقاعدہ سماعت کے لیے اندھیری میں واقع ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر پہنچ چکا ہے۔ ڈپٹی رجسٹرار فیاض ملانی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں اس تنازع سے متعلق شکایت موصول ہو چکی ہے، جس پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے ان کا مؤقف طلب کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع امیتابھ بچن کا دو منزلہ بنگلہ ’جلسہ‘صرف ان کی رہائش گاہ ہی نہیں بلکہ ممبئی کی مشہور ترین شخصیات سے وابستہ عمارتوں میں بھی شمار ہوتا ہے۔
یہ بنگلہ پہلے ’منسا‘ کے نام سے جانا جاتا تھا اور ایک وقت میں معروف فلم ساز این سی سپی کی ملکیت تھا۔
رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کو 1982 کی فلم ’ستے پہ ستہ‘ میں اداکاری کے معاوضے کے طور پر یہ بنگلہ ملا تھا۔ بعد میں یہ جائیداد فروخت کردی گئی، تاہم جیا بچن کے مشورے پر امیتابھ بچن نے اسے دوبارہ خرید لیا اور پھر اس کا نام ’جلسہ‘ رکھ دیا۔
’جلسہ‘ کئی دہائیوں سے امیتابھ بچن کے مداحوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اداکار کے گھر کے باہر ہر اتوار کو بڑی تعداد میں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں، جہاں امیتابھ بچن اکثر اپنے مداحوں کا ہاتھ ہلا کر استقبال بھی کرتے ہیں۔
اب اس مشہور بنگلے سے متعلق جائیداد کا معاملہ خاندانی تنازع کی صورت اختیار کرچکا ہے، جس پر متعلقہ حکام کی کارروائی جاری ہے۔ معاملے کا حتمی فیصلہ سامنے آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ جائیداد کی منتقلی سے متعلق اٹھائے گئے اعتراضات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔
























