سردیوں کا موسم آتے ہی الماریوں سے گرم کپڑے نکلنا شروع ہوجاتے ہیں، لیکن الماریوں میں پڑے پرانے، تنگ ہو چکے یا ناپسندیدہ سویٹرز، کارڈیگنز اور شالیں اکثر کسی کام نہیں آتیں۔ بہت سے افراد ان ملبوسات کو ناکارہ سمجھ کر پھینک دیتے ہیں، حالانکہ تھوڑی سی محنت اور تخلیقی سوچ سے انہیں دوبارہ کارآمد بنایا جاسکتا ہے۔

اونی کپڑے عام طور پر نرم، گرم اور پائیدار ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں گھر کی سجاوٹ سے لے کر روزمرہ استعمال کی مختلف چیزیں بنا کر نہ صرف ماحول دوست رویہ اپنایا جا سکتا ہے بلکہ نئی چیزوں کی خریداری پر ہونے والے اخراجات میں بھی نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

پرانے اونی کپڑوں کو چند آسان طریقوں سے خوبصورت اور مفید اشیا میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

پرانے سویٹر سے خوبصورت کشن کور بنائیں

اگر گھر میں کوئی موٹا یا رنگین سویٹر موجود ہے جسے اب نہیں پہنا جاتا تو اس سے صوفے یا کرسی کے لیے خوبصورت کشن کور بنایا جاسکتا ہے۔

اس کے لیے سویٹر کا اتنا حصہ کاٹ لیں جو کشن کے سائز کے مطابق ہو۔ پھر اس کے کناروں کو سلائی کرکے کشن اندر رکھ دیں۔ سہولت کے لیے اس میں زپ یا بٹن بھی لگائے جاسکتے ہیں۔

مختلف رنگوں کے سویٹر استعمال کرکے گھر کے صوفوں اور بیڈ کی سجاوٹ کے لیے منفرد کشن کور تیار کیے جاسکتے ہیں۔

چائے اور کافی کے کپ کے لیے گرم کور تیار کریں

پرانے سویٹر کی آستینیں بھی بہت کام آسکتی ہیں۔ انہیں کپ کے سائز کے مطابق کاٹ کر کناروں سے سلائی کرلیں اور کپ کے گرد چڑھا دیں۔

اس طرح ایک خوبصورت کپ کور تیار ہوجائے گا جو چائے یا کافی کو کچھ دیر تک گرم رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گرم کپ پکڑتے وقت ہاتھوں کو براہ راست حرارت سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔

بٹن، رنگین دھاگے یا سادہ کڑھائی کے ذریعے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ٹھنڈی ہوا روکنے کے لیے ڈرافٹ رول

سردیوں میں دروازوں اور کھڑکیوں کے نیچے سے آنے والی ٹھنڈی ہوا کمرے کو ٹھنڈا کرسکتی ہے۔ اس مسئلے کے لیے پرانے اونی سویٹر سے ہوا روکنے والا نرم رول تیار کیا جاسکتا ہے۔

اس کے لیے سویٹر کا لمبا ٹکڑا کاٹ کر اسے ٹیوب کی شکل میں سلائی کریں اور اندر روئی، فوم یا کپڑے کے چھوٹے ٹکڑے بھر دیں۔ دونوں سروں کو اچھی طرح بند کرکے اسے دروازے یا کھڑکی کے نیچے رکھ دیں۔

یہ آسان طریقہ ٹھنڈی ہوا کا راستہ کم کرنے اور کمرے کو زیادہ آرام دہ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

پرانے اونی دھاگے سے دیوار کی سجاوٹ کریں

اگر کسی سویٹر کے دھاگے یا اونی کپڑے کے چھوٹے ٹکڑے بچ گئے ہیں تو انہیں بھی ضائع کرنے کی ضرورت نہیں۔

ان دھاگوں سے رنگ برنگے پوم پومز بنائے جاسکتے ہیں، جنہیں ایک ڈوری میں پرو کر کھڑکی، دروازے یا کمرے میں لٹکایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح اونی دھاگوں اور کپڑے کے ٹکڑوں کو لکڑی کے فریم پر سجا کر خوبصورت وال ہینگنگ بھی تیار کی جاسکتی ہے۔

مختلف رنگوں اور ڈیزائنز کے امتزاج سے گھر کی دیواروں کو نیا اور دلکش انداز دیا جاسکتا ہے۔

پرانے کپڑے استعمال کرنے سے پہلے یہ احتیاط کریں

ڈی آئی وائی منصوبوں کے لیے استعمال ہونے والے اونی کپڑوں کو پہلے اچھی طرح دھو کر خشک کرلیں تاکہ ان میں موجود گردوغبار اور بدبو ختم ہوجائے۔ کپڑے کی سلائی اور مضبوطی بھی دیکھ لیں تاکہ تیار ہونے والی چیز زیادہ عرصے تک استعمال کی جاسکے۔

اگر کپڑے پہننے کے قابل ہوں تو انہیں ضائع کرنے کے بجائے ضرورت مند افراد کو بھی دیا جاسکتا ہے۔ اس طرح کسی کے کام آنے کے ساتھ پرانی چیزوں کا بہتر استعمال بھی ممکن ہے۔

یاد رکھیں، تھوڑی سی تخلیقی سوچ سے پرانے کپڑوں کو نئی زندگی دی جاسکتی ہے اور گھر کے لیے خوبصورت چیزیں بنانے پر اضافی پیسے خرچ کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہتی۔

More

Comments
1000 characters