بالوں کے گرنے کی شکایت ہو تو اکثر لوگ اپنے شیمپو، تیل اور بالوں کی دیکھ بھال کے طریقوں کو اس کا ذمہ دار سمجھتے ہیں، لیکن اس مسئلے کی ایک وجہ گھر میں استعمال ہونے والا پانی بھی ہوسکتا ہے۔

خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں زیرِ زمین یا بورنگ کا پانی استعمال کیا جاتا ہے، وہاں پانی میں موجود بعض معدنیات بالوں کی نرمی اور مضبوطی کو متاثر کرسکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق کھارے پانی میں کیلشیم اور میگنیشیم کی مقدار نسبتاً زیادہ ہوتی ہے۔ یہ معدنیات بالوں پر جمع ہوکر انہیں خشک، بے رونق اور کھردرا بنا سکتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں بال الجھنے لگتے ہیں اور کنگھی کرتے وقت ٹوٹنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

کھارا پانی بالوں کو کیسے متاثر کرتا ہے؟

بال بنیادی طور پر ایک پروٹین کیراٹین نامی پروٹین سے بنے ہوتے ہیں، جبکہ ان کی بیرونی سطح پر ایک حفاظتی تہہ موجود ہوتی ہے جسے کیوٹیکل کہا جاتا ہے۔ یہ تہہ بالوں کو بیرونی نقصان سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔

کھارے پانی میں موجود کیلشیم اور میگنیشیم بالوں کے ریشوں کے ساتھ چپک کر ان میں جذب ہو سکتے ہیں۔ اس سے بالوں کی ظاہری حالت اور طبعی خصوصیات متاثر ہو سکتی ہیں، خاص طور پر ان بالوں کی جو پہلے سے کمزور یا کیمیکل ٹریٹمنٹ سے گزرے ہوں، اور نتیجتاً بال سخت اور کھردرے محسوس ہونے لگتے ہیں۔

2011 میں انٹرنیشنل جرنل آف کاسمیٹک سائنس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ بال سخت پانی سے معدنیات جذب کرسکتے ہیں، جس سے ان کی خصوصیات میں تبدیلی آسکتی ہے۔

اسی طرح 2025 میں انٹرنیشنل جرنل آف ٹرائیکولوجی میں شائع ہونے والے نو مطالعات کے جائزے اور تجزیے میں سامنے آیا کہ کھارے پانی کے استعمال سے بالوں پر معدنیات کی تہہ زیادہ جمع ہوسکتی ہے اور ان کی کھنچاؤ برداشت کرنے کی طاقت کم ہوسکتی ہے۔

محققین کے مطابق اس سے بال ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، تاہم روزمرہ زندگی میں اس کے اثرات جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

کیا کھارے پانی سے جڑوں سمیت بال گرتے ہیں؟

ماہرین اس معاملے میں بال ٹوٹنے اور جڑ سے گرنے کے درمیان فرق واضح کرتے ہیں۔

کھارا پانی بالوں کو کمزور اور کھردرا بنا سکتا ہے، جس سے وہ اپنی لمبائی کے درمیان سے ٹوٹنے لگتے ہیں۔ ایسے میں بال چھوٹے دکھائی دے سکتے ہیں اور کنگھی کرتے وقت ٹوٹے ہوئے بال زیادہ نظر آتے ہیں۔

تاہم اب تک ہونے والی تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوا کہ کھارا پانی براہِ راست بالوں کی جڑوں کو متاثر کرکے انہیں گراتا ہے۔

اگر مسلسل بال گر رہے ہوں تو اس کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں، جن میں موروثی عوامل، ہارمونز میں تبدیلی، غذائی کمی اور سر کی جلد کے مسائل شامل ہیں۔ اس لیے بالوں کے مسلسل گرنے کی صورت میں صرف پانی کو ذمہ دار سمجھنا درست نہیں۔

شیمپو سے صفائی کے باوجود بال خشک کیوں رہتے ہیں؟

بعض اوقات اچھے شیمپو سے بال دھونے کے باوجود وہ خشک اور بے جان محسوس ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ شیمپو میں استعمال ہونے والے صفائی کے اجزا اور بالوں کی قدرتی نمی پر ان کے اثرات ہوسکتے ہیں۔

کچھ طاقتور صفائی والے شیمپو، خصوصاً سلفیٹ پر مبنی اور خشکی دور کرنے والے شیمپو، بالوں کو دھونے کے بعد خشک محسوس کرا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شیمپو کا اثر صرف اس بات پر منحصر نہیں ہوتا کہ اس میں سلفیٹ موجود ہے یا نہیں، بلکہ اس کے تمام اجزا، صفائی کی طاقت، بالوں کو نرم رکھنے والے اجزا، بال دھونے کی تعداد اور بالوں کی پہلے سے موجود حالت بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

کھارے پانی سے بالوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا کریں؟

ماہرین کے مطابق اگر بار بار بال دھونے کے بعد وہ کھردرے اور خشک محسوس ہوں تو بار بار شیمپو تبدیل کرنے کے بجائے گھر میں استعمال ہونے والے پانی کی سختی بھی چیک کرنی چاہیے۔

ایسے شیمپو کا انتخاب کرنا بہتر ہے جو سر کی جلد کی ضرورت کے مطابق ہو اور بالوں میں جمع ہونے والی معدنیات کو دور کرنے میں مدد دے۔ اس کے ساتھ کنڈیشنر کا استعمال بالوں کی نرمی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بال گیلے ہونے کی حالت میں زیادہ زور سے رگڑنے یا سختی سے کنگھی کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اس وقت بال نسبتاً زیادہ کمزور ہوتے ہیں اور آسانی سے ٹوٹ سکتے ہیں۔

شیمپو بنانے والی مصنوعات میں استعمال ہونے والے چیلیٹنگ ایجنٹس بھی بالوں پر جمع ہونے والی معدنیات، خصوصاً کیلشیم اور میگنیشیم، کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ تاہم صرف معدنیات کی صفائی کافی نہیں، بالوں کی نمی اور نرمی برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔

کھارا پانی بال گرنے کی ہر وجہ کا جواب نہیں ہے، لیکن بالوں کی دیکھ بھال میں یہ ایک اہم اور اکثر نظرانداز ہونے والا پہلو ہے، اس لیے نل کے پانی پر بھی اتنی ہی توجہ دی جانی چاہیے جتنی شیمپو کی بوتل پر دی جاتی ہے۔ اگر بالوں کا گرنا مسلسل جاری رہے تو اس کی اصل وجہ جاننے کے لیے ماہرِ جلد سے رجوع کرنا چاہیے۔

More

Comments
1000 characters