پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے مقبول ڈرامے ’درِ نجات‘ نے ملکی سرحدوں سے آگے بھی اپنی پہچان بنالی ہے۔ ڈرامے کو اب عرب ناظرین کے لیے پیش کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے، جہاں اسے عربی زبان میں ڈب کرکے معروف ٹی وی نیٹ ورک ایم بی سی پر نشر کیا جائے گا۔
اس پیشرفت کے بعد مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک کے ناظرین بھی پاکستانی فنکاروں کی اداکاری اور ڈرامے کی دلچسپ کہانی سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
’درِ نجات‘ کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایات ثاقب خان نے دی ہیں۔ ڈرامے میں محبت، خاندانی تعلقات، مذہبی سوچ، جدائی، معافی اور زندگی کو نئے سرے سے شروع کرنے جیسے موضوعات کو پیش کیا گیا ہے۔
ڈرامے میں درفشاں سلیم نے زریاب، شہریار منور نے ابوبکر جبکہ نمیر نواز خان نے زامل کا کردار نبھایا ہے۔ کہانی کا آغاز زریاب اور زامل کے تعلق سے ہوتا ہے، جو بچپن کے دوست ہونے کے ساتھ ایک دوسرے سے محبت بھی کرتے ہیں، لیکن حالات بدلنے کے ساتھ ان کی زندگی ایک پیچیدہ موڑ اختیار کرلیتی ہے۔
زامل زریاب سے علیحدگی اختیار کرکے حمنہ (رومیسہ خان) سے شادی کرلیتا ہے، جس کے بعد زریاب کی زندگی میں ابوبکر کی آمد ہوتی ہے۔ کہانی آگے بڑھنے کے ساتھ ہی دونوں خاندانوں کے ماضی اور پوشیدہ رازوں سے پردہ اٹھنا شروع ہوتا ہے۔
ڈرامے میں ثانیہ سعید، صبا حمید، فاران طاہر، نادیہ افگن، سحر ہاشمی، محمود اسلم، عدنان جعفر اور عدنان شاہ ٹیپو سمیت کئی معروف فنکار بھی اہم کرداروں میں نظر آرہے ہیں۔
’در نجات‘ اپنی منفرد کہانی اور بہترین اداکاری کی بدولت پہلے ہی شائقین کی بھرپور توجہ سمیٹ چکا ہے۔ اب ایم بی سی پر اس کی نشریات کا آغاز پاکستانی ڈراموں کی بین الاقوامی مقبولیت میں اضافے اور عرب ممالک تک رسائی کے حوالے سے ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
























