پیشانی پر نکلنے والے چھوٹے چھوٹے دانے اکثر پریشانی کا باعث بنتے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب باقی چہرے کی جلد بالکل صاف ہو۔ یہ دانے بے رنگ ابھاروں یا سفید کیل مہاسوں کی شکل میں ظاہر ہو سکتے ہیں اور جلد کی قدرتی ہمواری کو متاثر کرتے ہیں۔

بعض اوقات یہ دانے جلد کے رنگ جیسے ہوتے ہیں اور دور سے دکھائی نہیں دیتے، لیکن قریب سے دیکھنے پر پیشانی کی سطح کھردری محسوس ہوتی ہے۔ کئی افراد انہیں ختم کرنے کے لیے مختلف کریمیں اور فیس واش استعمال کرتے ہیں، لیکن مسئلے کی اصل وجہ معلوم نہ ہونے کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوپاتے۔

ماہرین کے مطابق ماتھے پر ان دانوں کے بننے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں جلد کے مساموں کا بند ہونا، اضافی چکنائی، بالوں کے لیے استعمال ہونے والی غیر موزوں مصنوعات یا جلد کی الرجی شامل ہیں۔ اگر ان دانوں کی اصل وجہ سمجھ لی جائے تو روزمرہ کی دیکھ بھال میں معمولی تبدیلی لا کر ان سے باآسانی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

دن میں دو مرتبہ نرمی سے چہرہ صاف کریں

جلد کو صاف رکھنے کا سب سے پہلا اور بنیادی اصول یہ ہے کہ دن میں دو مرتبہ کسی نرم فیس واش سے چہرہ دھویا جائے۔ ایسا فیس واش منتخب کریں جو مساموں کو بند نہ کرے اور جلد کو نقصان پہنچائے بغیر اضافی چکنائی، پسینہ، سن اسکرین اور دھول مٹی صاف کر دے۔ صبح اٹھنے کے فوراً بعد اور رات کو سونے سے پہلے چہرہ دھونا معمول بنائیں۔

اگر آپ ورزش کرتے ہیں یا آپ کو زیادہ پسینہ آتا ہے تو اس کے بعد بھی چہرہ ضرور دھوئیں۔ تاہم اس بات کا خیال رکھیں کہ چہرہ دھوتے وقت سخت اسکرب یا برش کا استعمال نہ کریں کیونکہ زیادہ رگڑنے سے جلد میں جلن ہو سکتی ہے اور دانے مزید بڑھ سکتے ہیں۔

سیلیسیلک ایسڈ والی مصنوعات استعمال کریں

پیشانی پر چھوٹے دانوں کی ایک عام وجہ جلد کے مساموں میں چکنائی اور مردہ خلیات کا جمع ہونا ہے۔ اس مسئلے کے لیے سیلیسیلک ایسڈ پر مشتمل مصنوعات مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ یہ ایک ایسا جزو ہے جو عام طور پر کیل مہاسوں سے بچاؤ کی مصنوعات میں پایا جاتا ہے۔
یہ جلد کے مساموں کے اندر سے صفائی کرتا ہے، مردہ خلیات کو ہٹاتا ہے اور بند مساموں کو کھولتا ہے۔ کم مقدار والے سیلیسیلک ایسڈ پر مشتمل مصنوعات بلیک ہیڈز اور وائٹ ہیڈز کو کم کر کے جلد کو تروتازہ بناتی ہیں۔

اس کے استعمال کے لیے پیکنگ پر دی گئی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے اور ایک ہی وقت میں ایک سے زیادہ ایسی مصنوعات ہرگز استعمال نہ کریں۔ اگر اس کے استعمال سے جلد بہت زیادہ خشک ہونے لگے تو اسے فوراً روک دینا چاہیے۔

جلد کے مطابق ہلکا موئسچرائزر منتخب کریں

بہت سے لوگ جن کی جلد چکنی ہوتی ہے یا جنہیں دانے نکلتے ہیں، وہ موئسچرائزر لگانا چھوڑ دیتے ہیں جو کہ درست طریقہ نہیں ہے۔ جلد کی قدرتی حفاظتی تہہ کو صحت مند رکھنے کے لیے نمی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے موئسچرائزر چھوڑنے کے بجائے ایسی ہلکی اور خوشبو سے پاک مصنوعات کا انتخاب کریں جو مساموں کو بند نہ کریں۔ گلیسرین یا ہائیلورونک ایسڈ پر مشتمل ہلکے موئسچرائزر جلد کو ضروری نمی فراہم کرتے ہیں اور دانے بننے کا سبب بھی نہیں بنتے۔

بالوں کی مصنوعات پیشانی پر لگنے سے بچائیں

اکثر ماتھے کے دانوں کی وجہ بالوں پر لگائی جانے والی مصنوعات ہوتی ہیں۔ اگر آپ بالوں میں تیل، کنڈیشنر، اسٹائلنگ کریم یا سیرم کا استعمال کرتے ہیں تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ یہ چیزیں بار بار آپ کے ماتھے کو نہ چھوئیں۔ کوشش کریں کہ بالوں کو چہرے سے پیچھے رکھیں اور بال دھونے کے بعد ماتھے کے کناروں اور بالوں کی جڑوں کے آس پاس کی جلد کو اچھی طرح صاف کریں تاکہ وہاں کوئی چکنائی باقی نہ رہے۔

اس کے علاوہ تکیے کے غلاف باقاعدگی سے تبدیل کرنا اور صاف ہیڈ بینڈ یا ٹوپی کا استعمال کرنا بھی اس مسئلے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

بھاری میک اپ اور چکنی مصنوعات سے گریز کریں

فاؤنڈیشن، پرائمر اور زیادہ چکنائی والی بیوٹی مصنوعات بعض افراد کے مسام بند کرسکتی ہیں، جس کے نتیجے میں پیشانی پر چھوٹے دانے نمودار ہوسکتے ہیں۔

اگر آپ کو مسلسل اس مسئلے کا سامنا ہے تو اپنی میک اپ اور اسکن کیئر مصنوعات کا جائزہ لیں۔ ایسی مصنوعات کو ترجیح دیں جن پر آئل فری یا نان کامیڈوجینک لکھا ہو۔ سونے سے پہلے میک اپ مکمل طور پر صاف کرنا بھی ضروری ہے تاکہ جلد پر اس کی تہہ جمع نہ رہے۔

دانے برقرار رہیں تو کیا کریں؟

یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ پیشانی پر نکلنے والے تمام چھوٹے دانے عام کیل مہاسے نہیں ہوتے۔ بعض اوقات یہ الرجی، جلد کی سوزش یا فنگس کی وجہ سے بھی ہوسکتے ہیں، اس لیے ہر قسم کے دانوں کا علاج ایک جیسا نہیں ہوتا۔

اگر دانے مسلسل بڑھ رہے ہوں، ان میں خارش یا درد ہو یا گھریلو احتیاط کے باوجود کئی ہفتوں تک بہتری نہ آئے تو جلد کے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

، کیونکہ اس سے جلد پر نشان پڑ سکتے ہیں۔

مناسب صفائی، ہلکی اسکن کیئر مصنوعات اور بالوں و میک اپ کی مصنوعات کے درست استعمال سے پیشانی کی جلد کو صاف اور ہموار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

More

Comments
1000 characters