کالی مرچ کو مصالحوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے اور یہ گھروں کے کھانوں، سالن، سلاد، گرم مصالحے اور گھریلو ٹوٹکوں میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بازار میں ملنے والی کالی مرچ میں ملاوٹ بھی ہوسکتی ہے؟
بعض دکاندار زیادہ منافع کمانے کے لیے اس میں سستے بیج اور دیگر اجزا شامل کردیتے ہیں، جنہیں دیکھ کر عام خریدار کے لیے اصلی اور نقلی کالی مرچ میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
کالی مرچ کی قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کی وجہ سے اس میں ملاوٹ کا خدشہ رہتا ہے۔ اس میں خاص طور پر خشک پپیتے کے بیج شامل کیے جاسکتے ہیں، جو شکل میں کالی مرچ سے کافی ملتے جلتے ہیں۔ اس کے علاوہ مصنوعی رنگ، سستے اناج، بیجوں کے چھلکے، ریفائنڈ تیل، میدہ اور گوند بھی ملاوٹ کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
نقلی کالی مرچ کھانے کے نقصانات
اصلی کالی مرچ صحت کے لیے مفید سمجھی جاتی ہے اور سردیوں میں کھانسی اور نزلہ زکام میں آرام دینے میں مددگار ہوتی ہے، لیکن ملاوٹ شدہ مصالحہ نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ملاوٹ شدہ کالی مرچ کھانے سے صحت کے مختلف مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان میں معدے کی خرابی، گیس، بدہضمی، الرجی، متلی، الٹی، پیٹ میں درد اور دست شامل ہیں۔ بعض صورتوں میں آلودہ مصالحوں کے استعمال سے فوڈ پوائزننگ کا خطرہ بھی ہوسکتا ہے۔
اسی لیے کھانے میں استعمال ہونے والے مصالحوں کی صفائی اور معیار پر توجہ دینا ضروری ہے۔
اصلی کالی مرچ کی پہچان کے آسان طریقے
اصلی کالی مرچ کی پہچان کے لیے سب سے پہلے اس کی خوشبو پر غور کریں۔ خالص کالی مرچ کی خوشبو تیز ہوتی ہے۔ چند دانوں کو ہتھیلیوں کے درمیان رگڑیں، اگر ہاتھوں پر اس کی مخصوص خوشبو محسوس نہ ہو تو یہ کم معیار یا ملاوٹ شدہ ہونے کی علامت ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ کالی مرچ کے دانوں کی شکل اور رنگ بھی دیکھیں۔ اصلی دانے عموماً سیاہ، سخت اور باہر سے قدرتی طور پر جھری دار ہوتے ہیں۔ ان کا سائز بھی تقریباً ایک جیسا ہوتا ہے۔ ذائقے میں اصلی کالی مرچ تیز اور چبھتا ہوا احساس دیتی ہے، جبکہ نقلی دانوں کا ذائقہ پھیکا یا نشاستے جیسا ہوسکتا ہے۔
پانی میں ڈال کر بھی جانچ سکتے ہیں
ایک گلاس صاف پانی میں چند دانے ڈالیں۔ رپورٹ کے مطابق اصلی کالی مرچ کے دانے عموماً پانی میں ڈوب جاتے ہیں، جبکہ ہلکے یا کھوکھلے ملاوٹی دانے پانی کی سطح پر تیر سکتے ہیں۔
خریداری کے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں؟
بہت کم قیمت پر ملنے والی کالی مرچ خریدنے سے گریز کریں۔ اسی طرح ایسے دانوں سے بھی محتاط رہیں جو ٹوٹے ہوئے ہوں یا غیر معمولی طور پر چمکدار دکھائی دیں، کیونکہ ان پر تیل یا کوئی دوسری تہہ لگائی گئی ہوسکتی ہے۔
ہمیشہ بھروسہ مند دکان یا برانڈ سے خریدیں۔ معیاری اور قابل اعتماد ذرائع سے مصالحے خریدنا ہی اپنی اور اپنے گھر والوں کی صحت محفوظ رکھنے کا بہتر طریقہ ہے۔
























