لحاف اور کمبل مسلسل استعمال سے پسینہ اور دیگر قدرتی چکنائی اپنے اندر جذب کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے وقت گزرنے کے ساتھ اس سے ناگوار بو آنے لگتی ہے اور کپڑے کا رنگ بھی ماند پڑ سکتا ہے۔ بہت سے لوگ اسے دھونے سے اس لیے گھبراتے ہیں کہ کہیں اس کی روئی یا اندر بھرا ہوا مواد خراب نہ ہو جائے۔ تاہم، چند آسان احتیاطی تدابیر اور گھریلو چیزوں کی مدد سے اسے صاف اور تازہ رکھا جا سکتا ہے۔

لحاف کو صاف کرنے کے لیے سب سے پہلے اس کے کپڑے اور اندر بھرے مواد کو دیکھنا ضروری ہے، کیونکہ ہر قسم کی رضائی دھونے کا طریقہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔

دھونے سے پہلے لیبل ضرور دیکھیں

کسی بھی لحاف کو دھونے سے پہلے اس پر لگے ہدایات کے لیبل کو غور سے پڑھیں۔ پالئیسٹر اور مائیکرو فائبر سے بنے لحاف عموماً واشنگ مشین میں دھوئے جا سکتے ہیں جبکہ ریشم یا اون کے لیے ڈرائی کلیننگ ضروری ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ سلائی بھی چیک کریں۔ اگر کہیں سے سلائی کھلی ہوئی ہو تو دھوتے وقت اندر بھرا مواد باہر نکل سکتا ہے۔
اگر رضائی پر دھونے کا طریقہ درج نہ ہو تو احتیاط بہتر ہے۔ ایسی صورت میں اسے مکمل دھونے کے بجائے صرف داغ صاف کریں اور کچھ دیر کھلی ہوا میں رکھیں۔

بیکنگ سوڈے سے داغ صاف کریں

لحاف کو دھونے سے پہلے اس پر لگے داغوں کو صاف کرنا بہتر ہے۔ عام داغوں کے لیے بیکنگ سوڈے میں تھوڑا سا پانی ملا کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔ اسے نرم کپڑے کی مدد سے داغ پر لگائیں اور تقریباً 30 منٹ بعد صاف کپڑے سے آہستگی سے ہٹا دیں۔

اگر رضائی پر تیل یا چکنائی کا داغ ہو تو اس پر ہلکے برتن دھونے والے صابن کا ایک قطرہ لگائیں اور تقریباً 10 منٹ تک چھوڑ دیں۔ اس کے بعد نرم کپڑے سے صاف کر لیں۔

داغ صاف کرتے وقت کپڑے کو زور سے رگڑنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے داغ مزید پھیل سکتا ہے اور کپڑا بھی خراب ہو سکتا ہے۔ کسی بھی گھریلو محلول کو پہلے لحاف کے کسی چھپے ہوئے حصے پر آزما لیں، خاص طور پر اگر اس کا رنگ گہرا یا شوخ ہو۔

بیکنگ سوڈا اور سرکے سے بدبو دور کریں

لحاف ٹھونس کر دھونے سے پانی اور صابن اندر تک نہیں پہنچ پاتے اور صفائی بھی اچھی طرح نہیں ہوتی۔

واشنگ مشین میں دھوتے وقت نیم گرم یا ٹھنڈے پانی کے ساتھ آدھا کپ میٹھا سوڈا ملائیں تاکہ بدبو ختم ہو سکے اور کھنگالنے کے مرحلے میں ایک کپ سفید سرکہ شامل کریں جو صابن کے بقایا اثرات کو صاف کرتا ہے۔

یاد رکھیں کہ سرکے کو کبھی بلیچ کے ساتھ نہ ملائیں، کیونکہ اس سے نقصان دہ گیس بن سکتی ہے۔ رضائی کو اچھی طرح صاف کرنے کے لیے آخر میں ایک اضافی کلی بھی کر لیں۔

رضائی کو مکمل خشک کرنا ضروری ہے

رضائی دھونے کے بعد اسے اچھی طرح خشک کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا دھونا۔ اگر اس کے اندر نمی باقی رہ جائے تو کچھ عرصے بعد دوبارہ ناگوار بو آنے لگ سکتی ہے۔

اگر مشین کے ڈرائر میں خشک کرنے کی اجازت ہو تو کم حرارت استعمال کریں۔ رضائی کو پھلانے اور اس کے اندر بھرے مواد کو گچھوں کی شکل اختیار کرنے سے روکنے کے لیے صاف ڈرائر بالز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

ہر 20 سے 30 منٹ بعد رضائی نکال کر اسے ہلائیں اور اس کے اندر بھرے مواد کو برابر کر دیں۔

اگر دھوپ میں خشک کرنا چاہیں تو رضائی کو صاف جگہ پر پھیلا دیں اور چند گھنٹے بعد اس کی دوسری طرف بھی دھوپ لگائیں۔ اسے واپس رکھنے یا اس پر غلاف چڑھانے سے پہلے یقین کر لیں کہ اندر تک مکمل طور پر خشک ہو چکی ہے۔

بار بار دھونے سے کیسے بچیں؟

رضائی کو ہر مرتبہ مکمل دھونے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس پر غلاف چڑھا کر استعمال کریں اور غلاف کو ہر ایک یا دو ہفتے بعد دھو لیں۔ اس طرح پسینہ، جسم کی چکنائی اور گردوغبار زیادہ تر غلاف پر جمع ہوں گے اور رضائی صاف رہے گی۔

اس کے علاوہ مہینے میں ایک بار لحاف کو چند گھنٹے دھوپ اور کھلی ہوا میں رکھیں۔ اسے ہلانے سے اندر بھرا مواد بھی پھیلا رہتا ہے اور رضائی پھولی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔

عام طور پر لحاف کو سال میں ایک یا دو بار مکمل دھونا کافی ہو سکتا ہے، لیکن اگر آپ کو زیادہ پسینہ آتا ہے، پالتو جانور بستر پر آتے ہیں یا موسم میں نمی زیادہ رہتی ہے تو اسے زیادہ بار صاف کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

More

Comments
1000 characters