بولی ووڈ کی مشہور فلم ’رام تیری گنگا میلی‘سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ منداکنی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ منالی کی سرسبز وادیوں میں بنائی گئی ان کی ایک سادہ سی ویڈیو مداحوں کی دلچسپی کا سبب بنی ہے، جس میں اداکارہ ایک بکری کے ساتھ گھومتی اور مسکراتی دکھائی دے رہی ہیں۔

منداکنی نے انسٹاگرام پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے منالی میں گزارے خوبصورت دنوں کو یاد کیا۔ ویڈیو میں وہ نیلے رنگ کا کرتا اور کالی پینٹ پہنے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتی نظر آتی ہیں۔

وادی کے سرسبز و شاداب ماحول اور برف پوش پہاڑوں کے درمیان وہ ایک بکری کو ہانکتے اور مسکراتے ہوئے چہل قدمی کر رہی ہیں۔

بظاہر انتہائی سادہ مگر سحر انگیز نظر آنے والے اس منظر نے شائقین کو ان کے پرانے بالی ووڈ دور کی یاد دلا دی ہے۔ ان کے ساتھ موجود بکری نے بھی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے منداکنی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ منالی کی ان حسین وادیوں اور برفانی پہاڑوں کی سکون دہ فضا کو بے حد مس کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ مقامات صرف سفر کی یادگار نہیں ہوتے بلکہ انسان کے دل کا دائمی حصہ بن جاتے ہیں اور وہ جلد ہی فطرت کے اس جادوئی ماحول میں دوبارہ لوٹنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ منداکنی کو 1985 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رام تیری گنگا میلی‘ سے غیر معمولی شہرت ملی تھی۔ راج کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ان کی اداکاری کو خوب پسند کیا گیا اور وہ راتوں رات فلمی دنیا میں پہچانی جانے لگیں۔

فلم کی ریلیز کو 41 سال گزر چکے ہیں، لیکن آج بھی اس کا نام اور منداکنی کا کردار فلم بینوں کو یاد ہے۔ اداکارہ نے بھی فلم کی سالگرہ کے موقع پر مداحوں کی محبت پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

منداکنی اب پہلے کی طرح فلموں میں سرگرم نہیں ہیں، تاہم وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں اور اپنی زندگی کی مختلف جھلکیاں شیئر کرتی رہتی ہیں۔

’رام تیری گنگا میلی‘ کے بعد انہوں نے ’ڈانس ڈانس‘، ’کمانڈو‘، ’جیتے ہیں شان سے‘ اور ’نانصافی‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔ اگرچہ ان کی موجودہ ویڈیو میں فلمی دنیا کی چمک دمک کے بجائے قدرتی ماحول اور سادگی نمایاں ہے، لیکن یہی انداز مداحوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

More

Comments
1000 characters