بھارتی اداکارہ اور ماڈل راکھی ساونت ایک بار پھر قانونی مشکلات میں گھر گئی ہیں۔ بھارت کے شہر جھانسی کی عدالت نے 16 سال پرانے خودکشی کیس میں ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ یہ مقدمہ اداکارہ کے ٹی وی شو ’راکھی کا انصاف‘ میں شرکت کرنے والے ایک شخص کی موت سے متعلق ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ نومبر 2010 کا ہے، جب جھانسی کے علاقے پریم نگر سے تعلق رکھنے والے لکشمن اہروار اپنی اہلیہ کے ساتھ ازدواجی تنازع حل کرانے کے لیے پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔ شو کے دوران راکھی ساونت نے مبینہ طور پر لکشمن کو نامرد کہا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ تنازع کا شکار ہوگیا۔

لکشمن اہروار کی والدہ ساوتری نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ پروگرام کے دوران ان کے بیٹے کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔

اہل خانہ کا دعویٰ تھا کہ شو میں پیش آنے والے واقعے کے بعد لکشمن ذہنی دباؤ میں چلے گئے تھے اور بعد میں انہوں نے خودکشی کرلی۔ خاندان نے ان کی موت کو پروگرام میں ہونے والی تضحیک سے جوڑا

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق، ضلعی سرکاری وکیل برائے جرائم مرِدُل کانت شریواستو نے بتایا کہ فاسٹ ٹریک عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج نے جمعے کو راکھی ساونت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے۔ ان کے مطابق، اداکارہ بار بار عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس کے بعد عدالت نے یہ قدم اٹھایا۔

مقدمے کی اگلی سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ اب اس معاملے میں آئندہ عدالتی کارروائی اہم ہوگی۔

یاد رہے کہ ’راکھی کا انصاف‘ میں لوگ اپنے گھریلو اور ذاتی مسائل لے کر آتے تھے، جہاں ان کے تنازعات کو ٹی وی پر زیرِ بحث لایا جاتا تھا۔ پروگرام میں ہونے والی سخت گفتگو اور تلخ جملوں پر بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔ لکشمن اہروار کی موت کے بعد یہ پروگرام بھی توجہ کا مرکز بن گیا تھا۔

More

Comments
1000 characters