بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ممبئی میں حملے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ سے منسوب ایک گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس حوالے سے انیل پنڈت نامی شخص کا نام سامنے آیا ہے، انیل پنڈت امریکا میں موجود ہے اور اس پر بھارت میں مختلف فائرنگ کے واقعات اور بھتہ خوری کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا شبہ ہے۔

بھارتی ذرائع کے مطابق 32 سالہ انیل پنڈت کا تعلق ہریانہ کے شہر پانی پت کے ایک گاؤں سے ہے۔ اس کے مبینہ مجرمانہ روابط کینیڈا، تھائی لینڈ اور دبئی تک پھیلنے کے بعد امریکا تک پہنچے۔ اس کا نام ہریانہ، دہلی اور پونے میں فائرنگ اور بھتہ خوری کے متعدد واقعات کی تحقیقات کے دوران سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انیل پنڈت پاسپورٹ پر 2023 میں بھارت سے کینیڈا گیا تھا۔ بعد ازاں لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ گینگسٹر رندیپ ملک سے رابطے کے بعد وہ مبینہ طور پر امریکی ریاست کیلیفورنیا پہنچا، جہاں اس نے لارنس بشنوئی گینگ میں شمولیت اختیار کرلی۔

رپورٹ کے مطابق بیرون ملک موجودگی کے باوجود انیل پنڈت نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران مبینہ طور پر بھارت میں اپنے شوٹرز کے نیٹ ورک کے ذریعے متعدد جرائم کی منصوبہ بندی کی۔ ان میں پانی پت کے مختلف مقامات پر بھتہ خوری سے منسلک فائرنگ کے واقعات بھی شامل ہیں۔

ہریانہ پولیس اور اسپیشل ٹاسک فورس نے ان واقعات میں ملوث مبینہ شوٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔ ان واقعات کے بعد بیرون ملک سرگرم جرائم پیشہ گروہوں اور ہریانہ میں موجود نیٹ ورکس کے درمیان ممکنہ روابط کی تحقیقات اہمیت اختیار کرگئیں۔

انیل پنڈت کا نام دہلی کے علاقے پشچم وہار میں فائرنگ کے ایک واقعے میں بھی سامنے آیا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایسے جم پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کی جہاں گلوکار گرو رندھاوا آتے تھے۔

اس کیس میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ اور اسپیشل سیل نے کارروائی کرتے ہوئے چار مبینہ شوٹرز کو گرفتار کیا، جن کے انیل پنڈت سے روابط کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان انیل پنڈت سے رابطے کے لیے سگنل ایپ استعمال کرتے تھے اور ان کے پاس غیر ملکی ساختہ اسلحہ بھی تھا۔

دہلی میں فائرنگ کے واقعے کے تقریباً 15 روز بعد بھارتی شہر پونے میں ایک جیولری اسٹور پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی تحقیقات میں بھی انیل پنڈت کا نام سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا۔

مہاراشٹر پولیس نے اس واقعے میں ملوث مبینہ شوٹرز کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ان کے روابط انیل پنڈت اور شوبھم لونکر نامی ایک اور جرائم پیشہ شخص سے تھے، جسے لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پونے میں فائرنگ کرنے والے تینوں مبینہ ملزمان کا تعلق راجستھان کے ضلع ہنومان گڑھ سے تھا اور الزام ہے کہ وہ حملہ کرنے کے لیے خصوصی طور پر پونے پہنچے تھے۔

ان واقعات میں انیل پنڈت کا نام سامنے آنے کے بعد بھارتی تفتیشی اداروں کے لیے بیرون ملک موجود مبینہ سرغنوں، مقامی شوٹرز اور بھتہ خوری کے نیٹ ورکس کے درمیان روابط کی تفتیش اہم ہوگئی ہے۔ تاہم، انیل پنڈت کے کردار اور لارنس بشنوئی گینگ سے اس کے تعلق سے متعلق الزامات کی حتمی تصدیق عدالتی کارروائی اور مستند تفتیشی نتائج سے ہی ہوسکے گی۔

More

Comments
1000 characters