ممبئی میں ہونے والی ایک رنگارنگ میوزیکل تقریب اس وقت یادگار بن گئی جب بالی ووڈ کے ”مسٹر پرفیکشنسٹ“ عامر خان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اپنے بیٹے جنید خان کی آنے والی فلم والی فلم ”ایک دن“ کے حوالے سے گفتگو اور پرفارمنس دیکھ کر جذباتی ہوگئے اوران کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔

تقریب کے دوران جیسے ہی فلم کی پرفارمنسز شروع ہوئیں، عامر خان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ فلم کی ہیروئن سائی پلّوی نے مسکراتے ہوئے ان سے بات کر کے ماحول کو ہلکا کرنے کی کوشش کی، جبکہ جنید خان بھی اپنے والد کے قریب بیٹھے جذباتی لمحے کو محسوس کرتے رہے۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور مداحوں نے اسے باپ بیٹے کے خوبصورت رشتے کی مثال قرار دیا۔

دوسری جانب سائی پلّوی بھی اس تقریب میں خاصی جذباتی نظر آئیں۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے نہایت عاجزی سے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں اتنے باصلاحیت لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے یہ بھی کہا، ”عامر سر تو بہادری سے سب کے سامنے جذباتی ہو جاتے ہیں، لیکن مجھے کبھی کبھی لگتا ہے کہ لائٹس مدھم ہو جائیں تاکہ میں بھی کھل کر اپنے جذبات ظاہر کر سکوں!“

سائی پلوی نے اپنے ساتھی اداکار جنید خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہت اچھا، فرمانبردار اور بہترین ایکٹر قرار دیا، جس پر ہال میں موجود لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ آ گئی۔

یہ فلم سائی پلّوی کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ ان کی پہلی ہندی فلم ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اس نئے سفر کے لیے تھوڑی نروس ہیں، مگر ساتھ ہی بے حد پرجوش بھی ہیں۔ انہوں نے عامر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ان کے کیریئر کا ایک خوبصورت موڑ ہے۔

فلم ”ایک دن“ کی کہانی ایک شرمیلے نوجوان (جنید خان) کے گرد گھومتی ہے جو اپنی کولیگ (سائی پلّوی) سے محبت تو کرتا ہے مگر اظہار نہیں کر پاتا۔ کہانی میں دلچسپ موڑ تب آتا ہے جب جاپان میں ایک حادثے کے بعد ہیروئن کو یادداشت کا مسئلہ ہو جاتا ہے اور وہ صرف ہیرو کو یاد رکھتی ہے، جس سے محبت کی کہانی ایک نئے رنگ میں ڈھل جاتی ہے۔

یہ فلم عامر خان کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنے دیرینہ ساتھی اور ہدایت کار منصور خان کے ساتھ طویل عرصے بعد بطور شریک پروڈیوسر (کو-پروڈیوسر) واپسی کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس جوڑی نے ماضی میں ”قیامت سے قیامت تک“ اور ”جو جیتا وہی سکندر“ جیسی شاہکار فلمیں دی ہیں۔

ہدایتکار سنیل پانڈے کی یہ پہلی فلم ہے، جبکہ اسے عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے بنایا گیا ہے۔ فلم یکم مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

کہا جا رہا ہے کہ اگر تقریب کے جذباتی مناظر کچھ بتاتے ہیں، تو ”ایک دن“ صرف ایک فلم نہیں بلکہ جذبات، محبت اور یادوں کا ایک خوبصورت سفر ثابت ہو سکتی ہے۔

More

Comments
1000 characters