گرمیوں کے موسم میں جیسے ہی درجہ حرارت بڑھتا ہے، تو بہت سے لوگ پیسے بچانے کی خاطر پرانے یا سستے اے سی خرید لیتے ہیں۔ شروع میں تو یہ اے سی بالکل ٹھیک کام کرتے ہیں، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر چھپی کھٹ پٹ اور خرابیاں سامنے آنے لگتی ہیں۔
کمزور وائرنگ، پرزوں کا گھس جانا یا خراب ہوجانا، اے سی کا حد سے زیادہ گرم ہونا اور شارٹ سرکٹ ہونا ایسی خامیاں ہیں جو عام طور پر وقت پر نظر نہیں آتیں، لیکن بعد میں کسی بڑے نقصان یا گھر میں آگ لگنے کا سبب بن جاتی ہیں۔
اگر آپ کا پرانا اے سی کچھ غیر معمولی اشارے دے رہا ہے تو اسے کبھی نظر انداز نہ کریں، کیونکہ یہ خاموش خطرناک نشانیاں کسی بھی وقت بڑے حادثے میں بدل سکتی ہیں۔
جلنے کی بو آئے تو فوراً اے سی بند کر دیں
سب سے پہلی اور اہم نشانی یہ ہے کہ اگر اے سی چلاتے ہی اس میں سے کسی چیز کے جلنے یا پلاسٹک پگھلنے کی بو آنے لگے تو اسے فوراً بند کر دیں۔ جلنے کی بو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اندر کی تاریں گرم ہو کر پگھل رہی ہیں یا موٹر جل رہی ہے یا انسولیشن متاثر ہو گئی ہے۔ ایسی صورت میں فوراً اے سی بند کریں اور کسی مستند ٹیکنیشن سے اس کا معائنہ کروائیں۔
اے سی سے عجیب اور غیر معمولی آوازیں آنا
اسی طرح اگر اے سی چلتے وقت اس میں سے کھڑکھڑاہٹ یا عجیب و غریب آوازیں آئیں تو سمجھ جائیں کہ اندر کا پنکھا، کمپریسر یا کوئی پرزہ ڈھیلا ہو چکا ہے۔ اسے نظر انداز کرنے سے پورا اے سی خراب ہو سکتا ہے اور کسی حادثے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
حد سے زیادہ گرمی
ایک اور بڑی علامت یہ ہے کہ اگر اے سی کچھ دیر چلنے کے بعد غیر معمولی طور پر زیادہ گرم ہونے لگے تو اس کا مطلب ہو سکتا ہے کہ اس کے اندرونی برقی پرزے خراب ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول، ”زیادہ گرم ہونے والے پرزے شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے خطرے میں اضافہ کر دیتے ہیں، اس لیے فوری طور پر اس کی جانچ ضروری ہے۔“
ٹھنڈک میں کمی
اگر اے سی پہلے کے مقابلے میں کم ٹھنڈک دینے لگے تو اسے بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق، ”یہ مسئلہ ریفریجرنٹ گیس کی کمی، کمپریسر کی خرابی یا فلٹر کے بند ہونے کی وجہ سے پیدا ہو سکتا ہے۔ کم کولنگ اکثر اس بات کا اشارہ ہوتی ہے کہ اے سی کو فوری سروس یا مرمت کی ضرورت ہے۔“
اسٹیبلائزر اور تاروں سے چنگاریاں نکلنا
وولٹیج اسٹیبلائزر کے قریب چنگاریاں نظر آنا بھی انتہائی خطرناک ہے۔ اگر اسٹیبلائزر یا اس کی وائرنگ کے قریب چنگاریاں دکھائی دیں تو یہ خراب وائرنگ یا ڈھیلے برقی کنکشن کی علامت ہو سکتی ہیں۔ اگر بروقت اس مسئلے کو حل نہ کیا جائے تو آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
اگر آپ کے اے سی میں ان میں سے کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو اسے استعمال کرنے کے بجائے فوری طور پر بند کر دیں اور کسی مستند اور تجربہ کار ٹیکنیشن سے اسے مکمل چیک کروائیں۔ بروقت مرمت نہ صرف اے سی کو مزید نقصان سے بچا سکتی ہے بلکہ آپ اور آپ کے اہل خانہ کی جان و مال کی حفاظت بھی یقینی بنا سکتی ہے۔
اسی طرح اگر اپ کے اے سی میں یہ تمام مسئلے بار بار آ رہے ہوں تو اسے ہر مہینے ٹھیک کروانے کے بجائے نیا اور محفوظ اے سی لے لینا ہی زیادہ عقل مندی ہے۔
























