لندن میں ہالی ووڈ کی نئی فلم ”اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے“ کے پریمیئر میں جہاں دنیا بھر کی معروف شخصیات نے شرکت کی، وہیں پاکستانی نژاد میک اپ آرٹسٹ اور بیوٹی کانٹینٹ کریئیٹر عاطفہ ارشد اپنی منفرد ساڑھی کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئیں۔

عاطفہ ارشد لندن میں مقیم ہیں، وہ تقریب میں اسپائیڈر مین ایک منفرد سیاہ رنگ کی ساڑھی پہن کر پہنچیں۔ اس ساڑھی پر سرخ رنگ کی نفیس کڑھائی کی گئی تھی، جسے اسپائیڈر مین کے مشہور جالے کے ڈیزائن سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔ ساڑھی کے پلو کو بھی بڑے جالے کی شکل دی گئی تھی، جس نے ریڈ کارپٹ پر موجود لوگوں کی خاص توجہ حاصل کی۔

اس ساڑھی کو لندن کی ڈیزائنر ریٹا قارنباخ نے ڈیزائن کیا تھا جبکہ اس کی سلائی پاکستان میں عاطفہ ارشد کے خاندانی درزی نے کی تھی۔ عاطفہ نے اس ساڑھی کے ساتھ ہم رنگ فل سلیو بلاؤز پہنا، جس سے ان کا مجموعی انداز مزید نمایاں نظر آیا۔

عاطفہ ارشد کی اس منفرد ساڑھی کو فیشن کی دنیا کی معروف شخصیت لا روچ نے بھی سراہا۔ لا روچ اداکارہ زندایا کے کئی مشہور فیشن انداز تخلیق کر چکے ہیں۔ انہوں نے عاطفہ کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ”سو پریٹی“ جسے اس لباس کی تعریف کے طور پر دیکھا گیا۔

عاطفہ ارشد نے اپنے بال سادہ جوڑے کی شکل میں باندھے اور ہلکے رنگ کی لپ اسٹک کا انتخاب کیا تاکہ توجہ لباس پر مرکوز رہے۔ ان کے میک اپ میں نمایاں بھنویں، ہلکا اسموکی آئی میک اپ اور قدرتی رنگت والی لپ اسٹک شامل تھی، جس نے مجموعی انداز کو متوازن رکھا۔

دوسری جانب فلم کے مرکزی اداکار ٹام ہالینڈ اور زندایا نے بھی اپنے لباس میں اسپائیڈر مین کی جھلک پیش کی۔ زندایا نے ہاتھی دانت کے رنگ کا مرمیڈ اسٹائل گاؤن زیب تن کیا، جسے ڈیزائنر تمارا رالف نے تیار کیا تھا۔ گاؤن کے کندھوں پر سنہری پتھروں کی سجاوٹ کی گئی تھی، جبکہ اس کی پشت پر سنہری مکڑی کی شکل کا بروچ لگایا گیا تھا، جو اسپائیڈر مین کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتا تھا۔

ٹام ہالینڈ نے بھی اپنی ٹائی کے ساتھ مکڑی کی شکل کا ایک رنگا رنگ بروچ لگایا، جس سے ان کے لباس میں بھی فلم کے مرکزی کردار کی مناسبت نمایاں رہی۔

لندن میں ہونے والے اس فلمی پریمیئر میں مختلف اداکاروں اور مہمانوں نے اسپائیڈر مین کے انداز سے متاثر فیشن کا انتخاب کیا، تاہم عاطفہ ارشد کی منفرد ساڑھی نے تو گویا میلہ ہی لوٹ لیا، اور ان کی یہ ساڑھی ریڈ کارپٹ پر سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والے لباس میں شمار کی گئی۔

More

Comments
1000 characters