بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کی موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 75 سالہ اداکار کو دل کا دورہ پڑا تھا، جو دل کی اہم شریان میں خون کا لوتھڑا پھنسنے کے باعث ہوا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم 45 منٹ تک سی پی آر دینے کے باوجود ان کی جان نہیں بچائی جا سکی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق، گووا کے سرکاری میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے اتوار کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نانا پاٹیکر کی موت کی وجہ دل کی اہم شریان میں بلڈ کلاٹ کے باعث پڑنے والا دل کا دورہ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دل کی بائیں مرکزی کورونری شریان میں خون کا لوتھڑا پھنس گیا تھا۔ یہ شریان دل کے ایک بڑے حصے کو خون فراہم کرتی ہے، اس لیے اس میں رکاوٹ دل کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ طبی رپورٹ میں اس کیفیت کو شریانوں میں چربی جمع ہونے اور ان کے تنگ یا بند ہونے سے متعلق بیماری کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ موت قدرتی وجوہات کے باعث ہوئی۔

نانا پاٹیکر کو 8 اکتوبر کی علی الصبح گووا کے علاقے ڈونا پاؤلا میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کی طبیعت خراب ہونے پر ان کے نگراں نے ایمبولینس طلب کی تھی۔ ان کی رہائش گاہ اسپتال سے ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر تھی۔

اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) کیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ انہیں صبح 5 بج کر 10 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔

پوسٹ مارٹم کے لیے نانا پاٹیکر کی میت گووا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال منتقل کی گئی، جس کے بعد اسے پونے لے جایا گیا۔ بعد ازاں میت پونے کے مضافاتی علاقے کھڑک واسلا کے قریب دونجے گاؤں میں واقع ان کے خاندانی فارم ہاؤس پہنچائی گئی۔

ان کے بیٹے ملہار پاٹیکر اپنے والد کی میت لینے گووا پہنچے تھے۔ آخری رسومات اسی روز ادا کرنے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے ملہار نے بتایا کہ خاندان کو محسوس ہوا کہ صبح پیش آنے والے سانحے کے بعد کافی وقت گزر چکا ہے، اس لیے انہوں نے اسی رات آخری رسومات ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملہار نے اپنے والد کے فلاحی کاموں کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ نانا پاٹیکر سے وابستہ نام فاؤنڈیشن پانی کے تحفظ، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں کام کرتی ہے۔

سیاسی اور فلمی شخصیات کی شرکت

نانا پاٹیکر کی آخری رسومات میں سیاست، فلم اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں مہاراشٹر کے نائب وزرائے اعلیٰ سنیترہ پوار اور ایکناتھ شندے، مرکزی وزرا رام داس اٹھاولے اور مرلی دھر موہول، لوک سبھا کے رکن سنیل تٹکرے اور مہاراشٹر کے وزیر چندرکانت پاٹل شامل تھے۔

فلمی دنیا سے اداکار جیکی شراف، پروین تاردے، فلم ساز ساجد ناڈیاڈوالا اور ہدایت کار انیل شرما سمیت دیگر شخصیات بھی آخری رسومات میں شریک ہوئیں۔ نام فاؤنڈیشن کے شریک بانی اور اداکار مکرند انسپُرے نے بھی شرکت کی۔

نانا پاٹیکر کا فلمی سفر

نانا پاٹیکر نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1978 میں فلم ’گمن‘ سے کیا۔ اس سے پہلے وہ مراٹھی تھیٹر سے وابستہ تھے۔ اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے ہندی اور مراٹھی فلموں میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے اور سنجیدہ اداکاری، جذباتی کرداروں، منفی کرداروں اور مزاحیہ اداکاری کے ذریعے اپنی الگ پہچان بنائی۔

ان کی فلموں میں ’دی ویکسین وار‘، ’ونواس‘، ’ہاؤس فل 5‘ اور ’او رومیو‘ شامل ہیں۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں تین نیشنل فلم ایوارڈز، متعدد فلم فیئر اعزازات اور بھارت کے اعلیٰ شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا۔

More

Comments
1000 characters