قینچی کو تیز کیسے کیا جائے؟
باورچی خانہ ہو، سلائی کڑھائی کا کام یا عام گھریلو استعمال، قینچی ہر گھر کی ایک بنیادی ضرورت ہے۔ تاہم، مسلسل استعمال ، گردوغبار اور زنگ لگنے کی وجہ سے قینچی کی دھار اکثرکمزور ہو جاتی ہے، جس کے باعث یہ کاغذ یا کپڑا کاٹنے کے بجائے پھنسنے لگتی ہے۔
ایسی صورت میں عموماً لوگ نئی قینچی خرید لیتے ہیں یا بازار سے دھار تیز کروانے پر پیسے خرچ کرتے ہیں، حالانکہ چند سادہ گھریلو ٹوٹکوں کی مدد سے آپ گھر بیٹھے اپنی پرانی قینچی کو بالکل نئی جیسا تیز کر سکتے ہیں۔
صفائی اور زنگ کا خاتمہ
قینچی کے جام ہونے یا ٹھیک سے نہ کاٹنے کی سب سے بڑی وجہ اس کے بلیڈز پر جمنے والی میل کچیل اور زنگ ہے۔ دھار تیز کرنے سے پہلے قینچی کو اچھی طرح صاف کرنا ضروری ہے۔
اس کے لیے نرم کپڑے سے بلیڈ صاف کریں۔ اگر زنگ کے معمولی نشانات موجود ہوں تو باریک سینڈ پیپر یا برتن دھونے والی تاروں والے اسفنج سے دونوں بلیڈز کو ہلکے ہاتھ سے رگڑیں تاکہ پرانا زنگ اور گندگی صاف ہو جائے۔
مشین کے تیل کا استعمال
اگر قینچی کھولنے اور بند کرنے میں مشکل محسوس ہو یا اس کے دونوں بلیڈ آپس میں پھنس رہے ہوں تو ممکن ہے اس کا جوڑ سخت ہوگیا ہو۔
صفائی کے بعد قینچی کے درمیانی جوڑ (اسکرو) پر سلائی مشین کے تیل کے چند قطرے ڈالیں اور قینچی کو کئی بار کھولیں اور بند کریں۔ اس عمل سے بلیڈز کی رگڑ کم ہو گی اور قینچی آسانی سے کھلنے اور بند ہونے لگتی ہے۔۔
سینڈ پیپر سے دھار تیز کرنا
قینچی کی دھار تیز کرنے کے لیے سینڈ پیپر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے باریک سینڈ پیپر کو دوہرا کرکے اس کا کھردرا رخ باہر کی طرف رکھیں اور اب قینچی سے اس کی باریک پٹیاں کاٹیں۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ کاٹتے وقت قینچی کے بلیڈ کو جڑ سے لے کر نوک تک پورا استعمال کیا جائے۔ 10 سے 15 بار کاٹنے سے بلیڈز کی دھار خود بخود تیز ہو جائے گی۔
دوسری قینچی یا ایلومینیم فوائل کا استعمال
اگر گھر میں کوئی دوسری پرانی قینچی موجود ہو تو اس کے بلیڈز پر خراب قینچی کے بلیڈز کو ہلکے دباؤ کے ساتھ چند بار رگڑیں، اس سے بھی دھار میں واضح بہتری آتی ہے۔ اس عمل کے دوران ہاتھوں کو زخم سے بچانے کے لیے احتیاط برتیں۔
کچن میں استعمال ہونے والے ایلومینیم فوائل کی چند تہیں بنا کر اسے قینچی سے بار بار کاٹنے سے بھی بلیڈز کے کنارے ہموار اور تیز ہو جاتے ہیں۔ اسی طرح شیشے کی کسی پرانی بوتل پر قینچی کو اس طرح چلانا جیسے آپ اسے کاٹ رہے ہوں، دھار تیز کرنے کا ایک پرانا اور کامیاب طریقہ ہے۔
شارپننگ اسٹون
قینچی کو تیز کرنے کے لیے خصوصی شارپننگ اسٹون بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے ذریعے بلیڈ کی دھار کو احتیاط سے درست کیا جاتا ہے۔ اس کام کے دوران بلیڈ کا زاویہ برقرار رکھنا ضروری ہے، ورنہ قینچی کی کاٹ مزید خراب ہوسکتی ہے۔
قینچی کو زیادہ عرصے تک تیز رکھنے کے طریقے
قینچی کی عمر بڑھانے کے لیے چند احتیاطیں ضروری ہیں۔ اسے صرف اسی کام کے لیے استعمال کریں جس کے لیے بنایا گیا ہو۔ کپڑے کاٹنے والی قینچی سے موٹا کاغذ، پلاسٹک یا دوسری سخت چیزیں کاٹنے سے گریز کریں۔
استعمال کے بعد بلیڈ صاف کرکے خشک جگہ پر رکھیں اور وقتاً فوقتاً اس کے جوڑ پر تیل کے چند قطرے لگاتے رہیں۔ اس طرح زنگ لگنے اور بلیڈ کے خراب ہونے کے امکانات کم ہوسکتے ہیں۔
قینچی کو تیز کرنے کے لیے دوسری قینچی سے رگڑنے کا طریقہ یا بلیڈ پر غیر ضروری دباؤ ڈالنا مناسب نہیں، کیونکہ اس سے دونوں قینچیوں کی دھار خراب ہوسکتی ہے۔
























