بولی ووڈ اداکاروں کو دھمکیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب اداکار سیف علی خان کو بھی مبینہ طور پر قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکی بابا صدیقی قتل کیس میں مطلوب ملزم ذیشان اختر کی جانب سے دیے جانے کا شبہ ہے، جس کی ممبئی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا واقعی ذیشان اختر نے سیف علی خان کو دھمکی دی ہے یا کوئی دوسرا شخص اس کا نام استعمال کرکے اداکاروں کو خوف زدہ کرنے اور پولیس کو پریشان کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکار تشار کپور اور آیوشمان کھرانہ کو بھی حال ہی میں دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ آیوشمان کھرانہ کو بھیجے گئے مبینہ آڈیو پیغام میں خود کو لارنس بشنوئی گینگ کا رکن ظاہر کرنے والے شخص نے کروڑوں روپے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ تشار کپور سے بھی 5 کروڑ روپے تاوان مانگا گیا تھا۔

ان واقعات کی تحقیقات کے دوران ممبئی کرائم برانچ نے بنگلورو سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ ویبھو مشرا کو گرفتار کیا، جسے تفتیش کے لیے ممبئی منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس کا لارنس بشنوئی گینگ سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا۔

تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ ویبھو مشرا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے اداکاروں کو دھمکی آمیز پیغامات اور آڈیو کلپس بھیجے اور ان سے رقم کا مطالبہ کیا۔ پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ بعض واقعات میں جرائم پیشہ گروہوں کے نام استعمال کرکے لوگوں کو خوف زدہ تو نہیں کیا جا رہا۔

رپورٹ کے مطابق سلمان خان کو بھی ماضی میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے متعدد بار قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں، جبکہ شاہ رخ خان کوبھی قتل کرنے کی دھمکی ملی تھی۔

اس کے علاوہ دلجیت دوسانجھ، کپل شرما، وکرانت میسی، رنویر سنگھ اور آیوش شرما کو بھی مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغامات یا ای میلز موصول ہوچکی ہیں۔

More

Comments
1000 characters