زندگی کا سب سے خوبصورت پہلو محبت، احساس اور تعلقات میں توازن ہے، مگر جب یہ توازن صرف ایک شخص کی ذات کے گرد گھومنے لگے، تو زندگی ایک تھکا دینے والی آزمائش بن جاتی ہے۔ اگر آپ کسی ایسے شخص کے ساتھ رہ رہے ہیں جو صرف اپنی اہمیت، جذبات اور خواہشات کو مقدم سمجھتا ہے، تو ممکن ہے آپ خود پسند یا نرگسیت پسند (Narcissist) شخصیت کے زیرِ اثر ہوں۔

خود پسندی کیا ہے؟

ایسا شخص جو صرف اپنی تعریف سننا چاہے، دوسروں کے جذبات یا ضروریات کی پروا نہ کرے، اور خود کو ہر معاملے میں سب سے بہتر سمجھے اسے خود پسند یا نرگسیت پسند (Narcissist) کہتے ہیں۔ نفسیات میں، ’نارسیسسٹک پرسنالٹی ڈس آرڈر‘ ایک ذہنی کیفیت بھی ہے جس میں یہ رویے بہت شدت سے پائے جاتے ہیں۔

یہ ایک نفسیاتی رویہ ہے جس میں انسان خود کو سب سے برتر، منفرد اور قابلِ تعریف سمجھتا ہے، اور دوسروں کے جذبات، ضروریات یا وجود کی قدر نہیں کرتا۔ یہ رویہ وقتی طور پر نہیں بلکہ مسلسل نظر آتا ہے اور دوسرے افراد کی زندگی پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔

جوڑے دھیان دیں! خاموش طلاق کا چیختا اشارہ دیتی علامتیں

نرگسیت پسند شخصیت میں ہمیں جو علامات نظر آتی ہیں ان میں، اپنی اہمیت کا غیر معمولی احساس، خیالی عظمت کا شکار ہونا، مسلسل تعریف کی طلب، تنقید کو برداشت نہ کرنا، دوسروں کو کمتر محسوس کروانا، اپنے کارنامے بڑھا چڑھا کر بیان کرنا، اختلاف کو دشمنی سمجھنا، خود کو سب سے بہتر سمجھنا جیسی عادات پائی جاتی ہیں۔

اگر آپ کا قریبی شخص یا جیون ساتھی ان علامات کا حامل ہے تو یہ ممکن ہے کہ وہ خود پسندی کا شکار ہو۔ ایسے فرد کے ساتھ زندگی گزارنا بےحد مشکل اور چیلنجنگ ہوسکتا ہے۔ اور آپ کی اپنی شخصیت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگتی ہے یا آپ کو ان مسائل کا سامنا رہتا ہے، مثلا آپ جذباتی تھکن کا شکار ہوجاتے ہیں، کیونکہ خود پسند یا نرگسیت پسند فرد ہمیشہ توجہ کا مرکز بننا چاہتا ہے، جس سے آپ خود کو مسلسل نظر انداز اور تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں۔

آپ خود اعتمادی میں کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ جب بار بار آپ کی رائے، احساسات یا ضرورتوں کو رد کیا جائے تو خود اعتمادی متاثر ہوتی ہے۔

ایک اور اہم پہلو یہ بھی ہے کہ نرگسیت پسند فرد آپ کو دوسروں سے کاٹ دیتا ہے تاکہ آپ صرف اس کے گرد رہیں اور اس طرح آپ تنہائی اور سماجی روابط سے کٹ کے رہ جاتے ہیں۔

ایسا شخص چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑے اور الزام تراشی کا رویہ رکھتا ہے کیونکہ اسے ہر صورت اپنی ہی بات برتر رکھنی ہوتی ہے، یہ رویہ زندگی کو بے سکون بنا دیتا ہے۔

کیا میاں بیوی کے خوشگوار تعلقات انکے وزن میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں؟

ایسے شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کے ممکنہ حل

آپ جو کچھ مثبت عمل یا ممکنہ حل کرسکتے ہیں ان میں سب سے پہلے تو آگاہی حاصل کریں، نرگسیت پسندی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانیں تاکہ آپ اس رویے کو پہچان کر بہتر انداز میں ردعمل دے سکیں۔

حدود کا تعین کریں، اپنی زندگی میں واضح حدود مقرر کریں تاکہ آپ کی خودی محفوظ رہ سکے۔ نہ ہر بات پر سمجھوتہ کریں، نہ ہر وقت خاموش رہیں۔

اپنے لئے بولنا سیکھیں، اپنی ضروریات، احساسات اور خیالات کو دبانا بند کریں۔ نرمی سے مگر صاف گوئی سے بات کریں۔

جذبات پر قابو رکھیں، نرگسیت پسند افراد تنقید کو ذاتی حملہ سمجھتے ہیں۔ اس لئے جذباتی نہیں بلکہ حکمت سے بات کریں۔ الفاظ کا چناؤ بہت سمجھ کر کریں۔

آپ اپنے سماجی روابط برقرار رکھیں یعنی اپنے خاندان، دوستوں اور خیرخواہوں سے تعلقات مضبوط رکھیں تاکہ آپ تنہائی کا شکار نہ ہوں۔

بہت حکمت اور سمجھداری سے سائیکاٹرسٹ یا تھراپسٹ کی مدد لیں۔ اگر آپ کا ساتھی علاج کے لئے تیار نہ ہو، تو خود کسی ماہرِ نفسیات سے رجوع کریں اپنے لئے، اس سلسلے میں کاؤنسلنگ آپ کے اپنے لئے بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہے اور اس طرح آپ کو جذباتی اور نفسیاتی مدد ملے گی۔

اے آئی ٹوٹتے رشتے بچانے لگا، چیٹ جی پی ٹی نے جوڑے کی طلاق ہونے سے بچا لی

اگر آپ نے بھرپور کوششوں کے باوجود بھی محسوس کیا کہ یہ تعلق صرف ذہنی اذیت اور خود اعتمادی کی بربادی کا سبب بن رہا ہے اور آپ تھک چکے ہیں، یہ رشتہ یہ تعلق آپ کے اعصاب پراب بوجھ بن گیا ہے، تو اب اس مقام پرپہنچنے کے بعد یا قوتِ برداشت ختم ہوجانے پر بھی جلد بازی میں خود ہی کوئی فیصلہ نہ لیں بلکہ جو بھی فیصلہ لیں یا اقدام کریں اس میں لازمی اپنے قریبی لوگوں، گھر والوں، والدین اور کاؤنسلر سے مدد لیں تاکہ بہتر راہ یا بہتر فیصلہ کیا جاسکے۔

یہ درست ہے کہ کسی بھی خود پسند یا خود پرست انسان کے ساتھ زندگی گزارنا آسان نہیں ہوتا۔ یہ تعلق جذباتی، ذہنی اور سماجی طور پر انسان کو تھکا دیتا ہے۔ مگر آگاہی، حد بندی، خود اعتمادی اور پیشہ ورانہ مدد سے آپ اپنی زندگی میں توازن اور سکون واپس لا سکتے ہیں۔ یاد رکھیں، آپ بھی اہم ہیں، آپ کے جذبات بھی معنی رکھتے ہیں، اور آپ کو بھی خوشی کا حق ہے۔

More

Comments
1000 characters